منشیات کیس، آریان خان کی گرفتاری کے وقت سیلفی لینے والا یہ شخص اب کہاں ہے؟ پتا چل گیا

ممبئی (قدرت روزنامہ) پونے پولیس نے مبئی کروز ڈرگز کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ایک متنازع گواہ کرن گوساوی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔پونے پولیس نے گوساوی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گوساوی کے خلاف دھوکا دہی کے کئی مقدمے درج ہیں اور ان میں سے ایک کے معاملے پر پولیس کو اس کی تلاش تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے پولیس نے گوساوی کو رات گئے گرفتار کیا ہے۔کرن گوساوی کے خلاف پونے کے فراسخانہ پولیس اسٹیشن میں 2018 سے دھوکا دہی کا مقدمہ درج ہے، ان کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا اور وہ کئی دنوں سے فرار چل رہا تھا۔پونے پولیس کی دو ٹیمیں گوساوی کو گرفتار کرنے کے لیے یوپی بھی گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق 2018 میں کرن گوساوی اور شیربانو قریشی نے پونے کے چنمے دیشمکھ نامی نوجوان کو ملائیشیا میں نوکری دلانے کا لالچ دے کر اس سے 3 لاکھ روپے کی رقم وصول کی تھی۔اس معاملے میں پونے پولیس پہلے ہی ممبئی سے شیربانو قریشی کو گرفتار کر چکی ہے اور اب گوساوی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کرن گوساوی وہی شخص ہے جو آریان خان کے ساتھ سیلفی لینے کے بعد نظروں میں آیا تھا، گوساوی آریان کیس میں این سی بی کا گواہ بھی ہے۔