نادرا نے بائیک سروس شروع کردی، عوام کو کون کونسی سہولتیں گھر بیٹھے ملیں گی؟


کراچی (قدرت روزنامہ)نادرا نے کراچی میں بائیکر سروس کا آغاز کردیا، نئی سہولت کے ذریعے شہری گھر بیٹھے قومی شناختی کارڈ کے متفرق کاموں کے لیے استفادہ کرسکیں گے۔
نادرا ریجنل ہیڈ آفس میں تقریب کےدوران ڈی جی نادرا کراچی ریجن احتشام شاہد نےقومی شناختی کارڈز کی درخواستوں کی پراسسینگ کے لیے درکار آلات پر مشتمل بائیک کی چابیاں بائیکرز کےحوالے کیں۔
ابتدائی طور پر نادرا حکام کی جانب سے شہریوں کےقومی شناختی کارڈز کی تجدید اور پتے اور دیگر تفصیلات کی تبدیلیوں کے لیے تین بائیکس متعارف کروائی گئی ہیں، پہلی مرتبہ نئے شناختی کارڈز بنوانے والے شہری اس سروس سے استفادہ نہیں کرسکیں گے، انھیں پہلی مرتبہ قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیےنادرا کے سینٹر آنا پڑے گا، بائیک سروس میں مزید بائیکوں کی تعدادمیںآنے والے کچھ عرصے کے دوران بتدریج اضافہ کیا جائےگا۔
کراچی کے علاوہ یہ سروس حیدرآباد اور میرپورخاص میں بھی دستیاب ہوگی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈی جی نادرا کراچی ریجن احتشام شاہد کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری نادرا کی ہیلپ لائن سے خود کو رجسٹرڈ کراسکتے ہیں، بائیکر سہولت سے نیا کارڈ نہیں بن سکے گا، البتہ پہلے سے بنے کارڈز کی تجدید سمیت دیگر سروسز سے استفادہ کیا جاسکے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل گھر پر جو سروس مہیا کی جاتی تھیں وہ سینئر سیٹزن کے لیے مخصوص تھی تاہم نئی سروس سے ہر شہری استفادہ کرسکتا ہے، ڈی جی نادرا کے مطابق قومی شناختی کی اصل فیس کے علاوہ ایک ہزار روپے اضافی رقم وصول کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *