امریکی عوام صدر ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا: وزیر داخلہ محسن نقوی
واشنگٹن ( قدرت روزنامہ ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ امریکہ، وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں لنکن لبرٹی بال میں خصوصی عشائیہ کی تقریب میں شرکت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا عشائیہ میں آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عشائیہ میں امریکی سینیٹرز، ممبرز کانگریس اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے سینیٹر ٹومی ٹیوبر ویل ، ممبر کانگریس کین کلورٹ، سابق برطانوی وزیر اعظم لز ٹراس اور گورنر میسیپی فلپ برینٹ سے ملاقاتیں کیں،ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر امریکی سینیٹرز و ممبرز کانگریس کو مبارکباد دی اور امریکی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ امریکی عوام صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں۔ میں شاہد ہوں کہ امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارت کے عہدے کو سنبھالنے کو زبردست طریقے سے منایا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں امریکہ کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔