پنجاب میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد، ناقابل ضمانت جرم قرار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب اسمبلی نے پتنگ بازی کی ممانعت کا ترمیمی ایکٹ 2024 منظور کرلیا ہے جس کے مطابق پتنگ بازی ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی پر کم از کم 3 سال سے 7 سال تک قید کی سزا ہوگی۔
نئے قانون کے مطابق پنجاب میں پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیتے ہوئے اس کی خلاف ورزی پر 3 سال سے 7 سال تک قید کی سزا ہوگی، اسی طرح پتنگ بازی، تیاری، فروخت و نقل و حمل پر 5 لاکھ سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔
قانون کے مطابق پابندی کا اطلاق پتنگوں، دھاتی تاروں، نائلون کی ڈوری، تندی، پتنگ بازی کے مقصد کے لیے تیز دھار مانجھے کے ساتھ تمام دھاگوں پر ہوگا اور پتنگ بازی سے متعلقہ مواد کی تیاری اور نقل و حمل پر مکمل پابندی ہوگی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پتنگ اڑانے والے کو 3 سے 5 سال قید یا 20 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے جبکہ پتنگ ساز اور ٹرانسپورٹر کو 5 سے 7 سال قید یا 50 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے۔
اسی طرح پتنگ بازی میں ملوث بچے کو پہلی بار 50 ہزار روپے جرمانہ جبکہ دوسری بار 1 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پتنگ بازی کے دوران تیز دھار ڈور کے استعمال سے کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے، حکومت پنجاب نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کا قانون منظور کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *