معیشت بہتری کی جانب گامزن، پاکستان کو مشرق وسطیٰ کے دو بینکوں سے ایک ارب ڈالر قرض ملےگا، وزیر خزانہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورت حال میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، کمزوریاں دور کرنے کا یہی وقت ہے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان مشرق وسطیٰ کے دو بینکوں سے معاہدے پر تیار ہے، معاہدے کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرض ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کا وفد فروری میں پاکستان کا دورہ کرےگا، فروری میں آئی ایم ایف وفد سے کلائمٹ فنڈنگ پر بات چیت کریں گے، پاکستان نے 6 سے 9 ماہ میں آئی ایم ایف سے کلائمٹ فنڈنگ کا ہدف مقرر کیا ہے۔
دریں اثنا ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جی ڈی پی بہتر ہورہی ہے اور شرح سود میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ماحولیاتی تبدیلی ہے، پاکستان ورلڈ بینک کے ساتھ مل کر بہت سے پروگرامز پر کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاک چائنا اکنامک کوریڈور کے فیز ون پر کام جاری ہے، پاکستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہاکہ پرائیویٹ سیکٹر ملک میں روزگار کی فراہمی کے لیے بہتر کردار ادا کررہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *