کوئٹہ کا عوامی جرگہ یہاں کے تمام اقوام وعوام کا نمائندہ جرگہ ہوگا، پشتونخوا میپ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا ، ضلع سینئر معاونین سعید خان کاکڑ، جمشید دوتانی، ولی بریالی ، نصیر احمد کاکڑ، ضلع اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ ودیگر ضلع ایگزیکٹیوز نے اپنے مشترکہ بیان میں پشتون قومی جرگہ بنوں منعقدہ11تا14مارچ کے فیصلوں کی روشنی میں کوئٹہ کے عوامی جرگہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کا عوامی جرگہ یہاں کے تمام اقوام وعوام کا نمائندہ جرگہ ہوگا ، کوئٹہ کے مقامی قبائل اور آباد عوام اس وقت زندگی کے ہر شعبہ میں مسائل ومشکلات سے دوچار ہیں ، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی سمیت انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محرومی ، روزگار کے مواقع نہ ہونے، تجارتی ، کاروباری مراکز میں غیر قانونی چھاپوں ، تاجروں ، مزدوروں ، عوام پر روزگار کے دروازے بند کرنے، خشک سالی اور پینے کے پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیمز کی تعمیر نہ ہونے جس کے باعث ہزاروں ، لاکھوں کیوسک پانی ذخیرہ ہونے کی بجائے ضائع ہوجاتا ہے ، پولیس کی سرپرستی میں شہر میں چوری ،ڈکیتی ، منشیات فروشی، قبضہ گیری جاری ہے اور عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑنے، شہر کی سڑکوں کا کھنڈرات میں تبدیل ہونے ، سڑکوںجگہ جگہ سیوریج کے پانی کا بہنا، تجاری مراکزبالخصوص ہزار گنجی میں سہولیات کے فقدان، کوئٹہ کے عوام کے جدی پدری زمینوں کی ناروا وغلط سیٹلمنٹ کے ذریعے غیروں کو الاٹمنٹ ، تحصیل ، سیٹلمنٹ آفس میں بدترین کرپشن وکمیشن کی صورتحال، حقیقی مالکوں کو زمین سے محروم کرنے اور دوسروں کو اس کا غیر قانونی طور پر مالک بنانے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے غیر فعالیت کے باعث شہر میں صفائی کا نظام درہم برہم ہونے، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس کی قلت وعوام کو عدم فراہمی کی صورتحال ، عوامی شعبوں کو مفلوج بناکر عوام کو اس سے محروم کرنے سمیت دیگر مسائل ومشکلات کو عوامی جرگہ میں زیر غور لایا جائیگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کو ئٹہ کے اقوام وعوام کے لیے جرگہ کا بہترین پلیٹ فارم مہیا کریگی اور خود مہزبانی کرتے ہوئے قبائلی عمائدین ، زعماء ، سیاسی ، سماجی رہنمائوں سمیت ہر شعبہ زندگی کے نمائندگان کے قیمتی آراء کو سامنے رکھ کر جرگہ کا اعلامیہ اور قراردادیں پیش کریگی ۔بیان میں پارٹی ضلع کوئٹہ ، تحصیل صدر ، تحصیل سٹی ، تحصیل کچلاک ،تحصیل سریاب اورپنجپائی علاقائی یونٹ کے رہنمائوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام شرکاء میں پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی جانب سے دعوت نامے پہنچائیں تاکہ وہ جرگہ میں بروقت شرکت کرسکے۔ جرگہ کی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کرینگے۔