ایلون مسک کے ممکنہ طور پر ٹک ٹاک خریدنے پر ٹرمپ نے کیا کہا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کے قانون کی منظوری کے بعد یہ سوشل میڈیا ایپ ایلون مسک کو بیچے جانے کی چہ مگوئیاں ہورہی ہیں، ایسے میں نومنتخب امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں امریکی صدر جو بائیدن نے ایک قانون پر دستخط کردیے تھے جس کے تحت ٹک ٹاک کو 19 جنوری تک خود کو اپنی ملکیتی کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ سے الگ کرکے کسی امریکی کمپنی کا حصہ بننے کو کہا گیا تھا، بصورت دیگر اسے امریکا میں بند کیے جانے کا فیصلہ ہوا تھا۔
’بائٹ ڈانس‘ ایک چینی کمپنی ہے اور امریکا کو خدشہ ہے کہ چینی حکومت اس کے ذریعے امریکا میں ٹک ٹاک کے آپریشنز پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
تاہم نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی ایک ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کردیے جس سے اس قانون کے نفاذ کو 75 دنوں تک کے لیے موخر کیا گیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس عرصے میں ٹک ٹاک کو امریکی انتظامیہ سے کوئی تصفیہ کرتے دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ اس شارٹ ویڈیو ایپ کو امریکا میں پابندی کا سامنا کرنے سے بچایا جاسکے۔
ایسے میں میڈیا رپورٹس یہ بھی آئیں کہ چینی حکام ٹک ٹاک امریکی ارب پتی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی ایلون مسک کو بیچنے پر غور کررہے ہیں۔
گزشتہ روز اس حوالے سے پوچھنے پر نومنتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایلون مسک اسے خریدنا چاہتے ہیں تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی اگر ٹک ٹاک خریدنا چاہے تو میں اس سے یہی کہوں گا کہ وہ اسے لے کر آدھا حصہ امریکا کو دے۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ساتھی ایلون مسک کی طرف سے ممکنہ طور پر ٹک ٹاک خریدنے کے معاملے پر تبصرہ کیا ہے۔