ملک ریاض کی حوالگی کے لیے نیب اقدامات کررہا ہے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ آچکا ہے جس میں مفروربحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کی حوالگی کے لیے نیب اقدامات کررہا ہے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ آچکا ہے، جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سزا سنائی گئی اور ملک ریاض کو مفرور اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں کرپشن کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ عالمی میڈیا نے اس فیصلے پر کرپشن کی ہیڈ لائنز دیں، اس کیس میں حکومت پاکستان کا ریکور کیا گیا پیسہ غلط استعمال کیا گیا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ مقدمے میں مفرور ملک ریاض کی یو اے ای سے وطن واپسی کے لیے نیب اقدامات کر رہی ہے، اس کے ساتھ ہی نیب واضح کر چکا ہے کہ دبئی میں ان کے منصوبے میں سرمایہ کاری منی لانڈرنگ کے زمرے میں آئے گی۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس تو ’اوپن اینڈ شٹ‘ کیس ہے، ملک ریاض کیخلاف نیب کے پاس کرپشن اور دھوکا دہی کے کئی مقدمات ہیں، جن کا مفرور ملزمان کو عدالت میں سامنا کرنا چاہیے۔
انہوں نے 190 پاؤنڈ کیس میں مذہب کارڈ استعمال کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث تمام ملزمان کرپشن اور رشوت کا جواب دیں اور مذہب کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کریں۔