’میں عمران اشرف کی بہن ہوں اور اس نے مشہور ہونے کے بعد ہمیں چھوڑ دیا ‘خاتون کی ویڈیو نے ہنگامہ برپا کر دیا

لاہور (قدرت روزنامہ) معروف اداکار و میزبان عمران اشرف کی بہن ہونے کا دعویٰ کرنے والی خاتون شازیہ اشرف اعوان کا بیان سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں وہ خود کو اداکار عمران اشرف کی حقیقی بہن کہتی ہیں۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ اداکار عمران اشرف کی بہن ہیں اور عمران اشرف اپنے سگے بہن بھائیوں کو پہچاننے سے انکاری ہیں، خاتون کا کہنا تھا کہ بھائی ہونے کے ناتے عمران اشرف کو اپنی بہنوں کے سر پر ہاتھ رکھنا چاہیے۔

انٹرویو میں خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بھائی عمران اشرف کو بڑی دعاؤں سے مانگا تھا کیونکہ ان کا ایک بھائی علی عباس فوت ہو گیا تھا، مگر اب مشہور ہونے کے بعد عمران اشرف نے ناتا توڑ لیا ہے جو دکھ کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران اشرف محنتی ہے، انہوں نے بہنوں اور ماؤں کی دعاؤں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ لیکن انسان کو رشتوں کی پہچان نہیں بھولنی چاہیے، اپنی بہنوں کے سر پر ہاتھ رکھنا چاہیے اور’مجھے اب بطورعمران اشرف کی بہن اپنی پہچان چاہیے‘۔

اینکر کے اس سوال پر کہ عمران اشرف آپ سے کیوں نہیں ملتے پر شازیہ اشرف کا کہنا تھا کہ شاید عمران اشرف احساسِ کمتری کا شکار ہیں کہ ان کی بہن کو طلاق ہو چکی ہے اور اگر بہن سے ملوں گا تو میڈیا پر کوئی مسئلہ نہ ہو جائے۔

واضح رہے کہ عمران اشرف ایک ورسٹائل اور باصلاحیت پاکستانی اداکار اور میزبان ہیں۔ انہوں نے مشہور ٹی وی ڈراموں سے شہرت حاصل کی جن میں رانجھا رانجھا کردی، دل لگی، الف اللہ اور انسان، رقصِ بسمل، مشک، کہیں دیپ جلے، بدعت اور نمک حرام شامل ہیں۔ اس وقت وہ ایک نجی ٹی وی چینل پر مقبول کامیڈی ٹاک شو ’مذاق رات‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *