محکمہ موسمیات نے موسم کے بارے میں نئی پیشگوئی کر دی
لاہور(قدرت روزنامہ )بادل برسانے والا سسٹم پاکستان سے نکل گیا، جس کے نتیجے میں موسم خشک ہونے کی وجہ سے سردی بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برسانے والا سسٹم پاکستان سے نکل گیا ، جس کے بعد صوبے بھر میں ایک بار پھر خشک موسم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ خشک موسم کے باعث دوبارہ دھند کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اور خشک موسم کے باعث درجہ حرارت بڑھنے کے امکانات بھی ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور کچھ علاقوں میں بارش ہوئی جب کہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر شہر قائد میں یخ بستہ ہوائیں تھمنے سے سردی کی شدت میں معمولی کمی آگئی تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہلکی دھند کے باعث حدِ نگاہ 2.5 کلو میٹر ریکارڈ ہوئی۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 12 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے جبکہ 2 سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے والے نئے مغربی سلسلے کے زیر اثر 24 جنوری سے کراچی میں سردی بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے۔اتوار کے روز صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت ہفتے کے مقابلے میں 4.3 ڈگری کمی سے 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔