حکومت نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کے گرد گھیرا تنگ کردیا
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومت نے نان کسٹم پیڈ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے آپریشن شروع کردیا ہے جس کے تحت محکمہ ایکسائز، کسٹمز اور پولیس کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کا آغاز کردیا۔
ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے جو محکمہ ایکسائز نے کیا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاوہ مستونگ، خضدار، سوراب، تربت، نوشکی اور نصیر آباد میں منشیات اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف مہم حال ہی میں شروع کی گئی۔
منگل سے شروع ہونے والی یہ مہم ایک مہینے تک جاری رہے گی۔ ترجمان محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ مہم کا دائرہ کار جلد ہی دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ اور کسٹمز پولیس کے اہلکار مشترکہ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
این سی پی آپریشن کے دوران مشکوک اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کو تحویل میں لے کر محکمہ ایکسائز کے حوالے کرے گا، حکام کا کہنا ہے کہ مشترکہ آپریشن کی منصوبہ بندی صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کی گئی۔ این سی پی کی جانب سے سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کا خاتمہ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہماری ترجیح ہے۔ منشیات فروشی اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف اقدامات جاری رکھتے ہوئے معاشرے کو لاقانونیت سے پاک کیا جائے گا۔