میٹا واٹس ایپ صارفین کیلیے کونسی بڑی سہولت متعارف کرانے جا رہا ہے؟ اہم اعلان
واٹس ایپ کو اکاؤنٹ سینٹر سے جوڑنے کے لیے، ایپ کو تازہ ترین ورژن پر اپ ڈیٹ کرنا ہوگا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)میٹا نے ایک اہم اعلان کیا ہے کہ جلد ہی صارفین واٹس ایپ کو اپنے انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس کے ساتھ جوڑنے کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔
میٹا کے مطابق یہ اپڈیٹ صارفین کو ایک ہی سائن ان کے ذریعے انسٹاگرام، فیس بک، اور واٹس ایپ تک رسائی کی اجازت دے گا۔ صارفین واٹس ایپ اسٹیٹس کو براہ راست انسٹاگرام اور فیس بک پر شیئر کر سکیں گے۔
یہ لنک خود بخود فعال نہیں ہوگا۔ صارفین کو یہ انتخاب ہوگا کہ وہ واٹس ایپ کو اکاؤنٹ سینٹر سے جوڑنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ اگر صارف یہ فیچر فعال کرتے ہیں تو میٹا ان کے ڈیٹا کو اپنی خدمات کو بہتر بنانے اور ذاتی نوعیت کا بنانے کے لیے استعمال کرے گا، تاہم، واٹس ایپ کی چیٹس اور کالز بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رہیں گی۔
نئے فیچرز کی جھلک
میٹا نے مزید اعلان کیا کہ اس لنک کے ذریعے صارفین Avatars ، AI اسٹیکرز، اور دیگر تخلیقی فیچرز کو ایک جگہ سے منظم کر سکیں گے۔
میٹا نے 2020 میں اکاؤنٹ سینٹر متعارف کرایا تھا، جو مختلف پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹس کو منظم کرنے کے لیے ایک مرکزی ہب ہے۔ اس کا مقصد صارفین کو ایک بہتر اور مربوط تجربہ فراہم کرنا ہے۔
یہ فیچر کیسے فعال کریں؟
واٹس ایپ کو اکاؤنٹ سینٹر سے جوڑنے کے لیے، ایپ کو تازہ ترین ورژن پر اپ ڈیٹ کریں اور سیٹنگز میں موجود اکاؤنٹ سینٹر کے آپشن کو منتخب کریں۔ اگر یہ آپشن دستیاب نہیں ہے، تو ممکن ہے کہ یہ فیچر ابھی تک آپ کے ملک میں فعال نہ ہوا ہو۔
میٹا کے اس اقدام کا مقصد اپنے پلیٹ فارمز کو مزید مربوط اور صارف دوست (User Friendly) بنانا ہے، جس سے سوشل میڈیا کا استعمال زیادہ آسان اور مؤثر ہوگا۔