حکومت کے پاس صرف 7 دن کا وقت ہے، بیرسٹر علی ظفر نے الٹی میٹم دے دیا
القادر کیس کا بیک گراؤنڈ حسن نواز کی پراپرٹی سے جڑا ہے، پی ٹی آئی رہنما
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ ہم نے تحریری مطالبات دے دیے ہیں، حکومت کے پاس اب صرف 7 دن کا وقت ہے، حکومت نے تحریری طور پر جواب نہ دیا تو میٹنگ ہی نہیں ہوگی، 26 ویں ترمیم کے بعد بہت کنفیوژن ہوگئی ہے، القادر کیس کا بیک گراؤنڈ حسن نواز کی پراپرٹی سے جڑا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو مشورہ دوں گا کہ ماضی سے سبق سیکھ لیں، آئین روندنے کی وجہ سے پارلیمنٹ کو بھی نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ القادر کیس کا بیک گراؤنڈ لندن میں حسن نواز کی پراپرٹی سے منسلک ہے، حسن نواز نے پراپرٹی تب خریدی جب نواز شریف وزیراعظم تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کو سوال پوچھنا چاہیے تھا یہ پراپرٹی کب اور کس کے پیسوں سے خریدی گئی؟ یہ پراپرٹی حسن نواز سے خریدی گئی اور پھر دوبارہ بیچی گئی۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ نیب نے الزام لگایا کہ 190 ملین پاؤنڈ میں بیچی گئی تھی، تحقیقات کے بعد پتا چلا ہمارے پاس کوئی ثبوت ہی نہیں ہے کہ یہ پیسہ چوری کا ہے۔