ایئرپورٹس پر 9 اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسافروں کی کڑی نگرانی کی ہدایت

ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے ایڈوائزی جاری کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے ایڈوائزی جاری کردی۔ایف آئی اے کی ایڈوائزری کے تحت پاکستان کے 9 شہروں اور 2 غیر ملکی ایئر لائنز کے مسافروں کی کڑی نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
جن 9 شہروں کی نگرانی کی جائے گی ان میں منڈی بہاالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، شیخوپورہ اور بھمبر شامل ہیں۔
سرکلر میں 16 ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کی پروفائلنگ کا بہتر نظام بنانے، پہلی بار سفر کرنے والے 15 سے 40 سال کے مسافروں کی سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق، ترکیہ، قطر، کویت اور کرغزستان جانے والے مسافروں کی خصوصی پروفائلنگ کرنے کا حکم بھی سامنے آیا ہے۔
ایڈوائزی کے مطابق مسافروں کی تمام دستاویزات بشمول واپسی کے ٹکٹ، ہوٹل بکنگ کی اچھی طرح جانچ کی جائے، وزٹ یا سیاحتی ویزوں پر جانے والوں کی توجہ کے ساتھ تمام دستاویزات چیک کی جائیں۔
سفری مقصد اور مالی انتظامات کا پتہ لگانے کے لیے مشکوک مسافروں کے سخت انٹرویوز کا حکم دیا گیا ہے، امیگریشن افسران کیسز کا تفصیلی ریکارڈ رکھیں، مشکوک معاملے کی فوری اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 44 پاکستانی بھی شامل تھے۔
بعد ازاں اسی حادثے میں زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں نے انکشاف کیا کہ اسمگلرز نے کشتی کے مسافروں کا قتل عام کیا تھا، 21 پاکستانیوں نے تاوان دے کر اپنی جانیں بچائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *