تبو نے جھوٹا بیان پھیلانے پر میڈیا سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا
ممبئی(قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ تبو، جو حال ہی میں اپنی نئی فلم “بھوت بنگلہ” کی کاسٹ میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہی تھیں، ایک تنازعہ کا شکار ہو گئیں جب ایک رپورٹ میں ان سے منسوب ایک بیان وائرل ہوا۔
وائرل بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ تبو نے کہا، “شادی میں دلچسپی نہیں، بس ایک مرد کے ساتھ بستر پر رہنا چاہتی ہوں”۔
اس جھوٹے دعوے کے بعد، تبو نے نہ صرف وضاحتی بیان جاری کیا بلکہ میڈیا کی بے بنیاد خبروں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا۔
تبو اور ان کی ٹیم کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، “اسٹاپ پریس! کئی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا ہینڈلز نے تبو سے منسوب ایسے الفاظ پھیلائے ہیں جو انہوں نے کبھی نہیں کہے۔ یہ اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ ویب سائٹس فوری طور پر ان جعلی بیانات کو ہٹائیں اور باضابطہ معافی نامہ جاری کریں”۔
تبو حالیہ دنوں “جیوسنیما سیریز ڈون: پروفسی” میں اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے خبروں میں رہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اپنی نئی فلم “بھوت بنگلہ” کا اعلان کیا ہے، جس میں وہ 25 سال بعد اکشے کمار کے ساتھ نظر آئیں گی۔
یہ ہارر کامیڈی فلم پریادرشن کی ہدایتکاری میں بن رہی ہے اور مداح اس جوڑی کو دوبارہ اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔