بالی ووڈ اداکارہ زینت امان گزشتہ روز موت کے منہ سے کیسے واپس آئیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی ماضی کی مقبول اداکارہ زینت امان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں مداحوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وہ اپنے شوٹ سے واپس آئیں اور آخری کام جو انہوں نے کیا وہ بلڈ پریشر کی دوا لینا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ جیسے ہی انہوں نے بلڈ پریشر کی دوا منہ میں لے کر پانی کا گھونٹ لیا تو انہیں محسوس ہوا کہ اچانک ان کا سانس رکنے لگا ہے کیونکہ وہ گولی ان کے حلق میں اٹک گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چھوٹی سی گولی نہ نگل پا رہی تھیں اور نہ اُگل پا رہی تھیں، سانس تو چل رہا تھا مگر اس میں مشکل محسوس ہو رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے بہت سا پانی پیا لیکن گولی وہیں کی وہیں رہی‘۔
زینت امان نے کہا کہ اس وقت ان کے گھر میں صرف 1 کتا اور 5 بلیاں تھیں، اور ان کی گھبراہٹ بڑھنے لگی تھی کیونکہ ان کے ڈاکٹر کا نمبر بھی مصروف تھا پھر انہوں نے بےچین ہو کر زاہان خان کو فون کیا جو اپنے پلانز چھوڑ کر فوراً ان کی مدد کو آ گئے اور ان کے آنے تک حلق میں تکلیف بڑھ گئی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ زاہان کے آںے کے بعد انہوں نے ڈاکٹر سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ گولی وقت کے ساتھ حل ہو جائے گی، جس کے بعد انہوں نے چند گھنٹوں تک گرم پانی پیتے ہوئے انتظار کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس تجربے سے انہوں نے سیکھا کہ زندگی میں ایسے لمحے آتے ہیں جب زیادہ عمل نہیں بلکہ صبر کی ضرورت ہوتی ہے اور گلے میں پھنسنے والی وہ گولی ایسی ہی ایک صورتحال کی علامت تھی۔ اس کی تکلیف شدید تھی جس کا وہ حل تلاش کر رہی تھیں اور آخر میں انہوں نے صبر اور خوف پر قابو پانے کی کوشش کی اور جب وہ گولی حل ہو گئی تو ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی۔
زینت امان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار مسائل کا سامنا کرتے ہوئے ہمارے لیے ان کا مقابلہ کرنا ضروری ہوتا ہے لیکن کبھی کبھی ایسی صورتحال میں ہمیں صبر، ضبط اور سکون کے ساتھ ان کا سامنا کرنا چاہیے۔