بنگلہ دیشی اسٹوڈنٹ رہنما سرجیش عالم نے اہم عہدے سے استعفیٰ کیوں دیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بنگلہ دیش کے ممتاز اسٹوڈنٹ رہنما سرجیس عالم فلاحی تنظیم جولائی شہید اسمرتی فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
اسٹوڈنٹس اگینسٹ ڈسکریمینیشن کے کوآرڈینیٹر سرجیس عالم نے اپنے فیس بک پیج پر جولائی شہید اسمرتی فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن کے اندر ساختی اور آئینی تبدیلیاں جنرل سیکریٹری کے عہدے کو ختم کرنے کا باعث بنی ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سی ای او میر محبوب الرحمن سنیگدھو کی سربراہی میں ایک ایگزیکٹو کمیٹی اب فاؤنڈیشن کو آپریٹ کرے گی، جس کی معاونت صحت، سماجی بہبود، لوکل گورنمنٹ اور آئی سی ٹی کے مشیروں پر مشتمل ایک گورننگ باڈی کرے گی۔
سرجیس عالم نے بتایا کہ انہوں نے 21 اکتوبر سے 31 دسمبر تک جولائی شہید اسمرتی فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں، اس دوران فاؤنڈیشن نے 628 شہید خاندانوں اور تقریباً 2 ہزار زخمیوں کو مالی امداد فراہم کی۔
اپنے عہدے پر رہنے کی مدت کے دوران اپنی بلا معاوضہ خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے سرجیس عالم نے استعفیٰ دینے کے فیصلے کو ایک جرات مندانہ عمل قرار دیا، جو ان کی ذمہ داریوں کے تئیں ایمانداری اور جوابدہی کی عکاسی کرتا ہے۔