وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر سے آزاد کشمیر کے شہریوں کو کتنا فائدہ ہوگا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آزاد کشمیر میں وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے علاقائی دفتر کا افتتاح کردیا گیا ہے، شہریوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔
‎بدھ کے روز وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں وفاقی محتسب سیکر ٹیر یٹ کے علا قائی دفتر کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ مظفر آباد آزاد کشمیر اور گلگت میں دو نئے دفاتر قائم ہونے کے بعد ملک بھر کے 24 شہروں میں یہ ادارہ عوام الناس کو سہولیات فراہم کر رہا ہے، رواں سال دور دراز علاقوں میں مزید نئے دفاتر کھولے جائیں گے۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے آزاد کشمیر میں کام کرنے والے وفاق کے سرکاری افسران پر زور دیا ہے کہ وہ غریب عوام کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب ادارے کی پہنچ اور رسائی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے سال 2024 کے دوران عوامی شکایات کی دادرسی کے ریکارڈ میں اضافہ ہوا، وفاقی محتسب میں 2 لاکھ 26 ہزار 371 شکایات موصول ہوئیں جب کہ 2 لاکھ 23 ہزار 171 شکایات کے فیصلے کیے گئے ہیں جو 2023 سے 16 فیصد زیادہ ہیں، 93 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد بھی ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب کے انوسٹی گیشن افسران ملک کے دور دراز علاقوں میں خود جاکر کھلی کچہریاں منعقد کر کے عوام الناس کو ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کررہے ہیں، وفاقی محتسب سیکریٹریٹ غریبوں کی عدالت ہے جس کا مقصد نا دار اور پسماندہ طبقے کی شکایات کی داد رسی کرنا ہے۔
قبل ازیں وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے آزاد جموں و کشمیر میں وفاقی حکومت کے اداروں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل محتسب سیکریٹریٹ اشفاق احمد خان، کمشنر آئی آر ڈی علاقائی آزاد کشمیر منصور قادر ڈار اور وفاقی محتسب کے دائرہ کار میں آنے والے سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران نےبھی شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ غریب لوگوں کی شکایات کے ازالے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کارلائیں۔
مظفرآباد کے رہاشی ظفیر راٹھور نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں محتسب کے علاقائی دفتر سے لوگوں کو فائدہ ہوگا، آزاد کشمیر میں برادری ازم کے کلچر سے لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں مشکلات پیش آتی تھیں، وفاقی محتسب کے مظفرآباد میں دفتر کا قیام ہی مشکلات کا بہترین حل ہے ۔
سیاسی رہنما و ماہر قانون ماجد اعوان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہ ’موجودہ وفاقی اداروں کی نسبت قانونی تنازعات کے حل کے لیے مظفرآباد میں آفس قائم ہونا عوام کے لیے ریلیف ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں محتسب کا دفتر بھی موجود تھا اور بین الاقوامی فورم پر نمائندگی بھی موجود تھی جس پر بھارت نے کئی بار اعتراضات بھی کیے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *