بینچز اختیارات کیس: بادی النظر میں 2 رکنی ججز کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر نظرانداز کیا، جسٹس منصور

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ نے بینچز اختیارات کیس سماعت کیلیے فکس نہ کرنے کے معاملے پر توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے بادی النظر میں 2 رکنی ججز کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کیا۔

سپریم کورٹ میں بینچز کے اختیارات کا کیس مقرر نہ کرنے پر توہینِ عدالت کی سماعت جاری ہے، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی سماعت کررہے ہیں جب کہ عدالتی معاون حامد خان کے دلائل جاری ہیں۔

عدالتی معاون خواجہ حارث اور احسن بھون بھی عدالت میں پیش ہوئے، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی عدالت میں موجود ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے بنیادی سوال یہ ہے کہ جوڈیشل آرڈر کی موجودگی میں ججز کمیٹی کیس واپس لے سکتی تھی، حامد خان نے کہ کچھ ججز کو کم اختیارات ملنا اور کچھ کو زیادہ، ایسا نہیں ہو سکتا۔

جسٹس منصور علی شاہ بولے کہ یہ سوال الگ ہے، اگر ہم آرٹیکل 191اے کی تشریح کا کیس سنتے تو یہ سوال اٹھایا جا سکتا تھا، ہمارے سامنے کیس ججز کمیٹی کے واپس لینے سے متعلق ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ چیف جسٹس پاکستان اور جسٹس امین الدین خان ججز کمیٹی کا حصہ ہیں، بادی النظر میں دو رکنی ججز کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کیا، اگر ججز کمیٹی جوڈیشل آرڈر کو نظر انداز کریں تو معاملہ فل کورٹ میں جا سکتا ہے، اس سوال پر معاونت دیں.

جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے اس معاملے پر کنفیوژن تو ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ رولز 1980 کے تحت فل کورٹ چیف جسٹس پاکستان بنائیں گے یا کمیٹی بنائے گی، کیا جوڈیشل آرڈر کے زریعے فل کورٹ کی تشکیل کیلئے ججز کمیٹی کو بجھوایا جا سکتا ہے۔

حامد خان نے کہا کہ ریگولر ججز کمیٹی کے ایکٹ کا سیکشن 2اے آرٹیکل 191 اے سے ہم آہنگ نہیں ہے، پارلیمنٹ عدلیہ کے اختیارات بڑھا سکتی ہے، کم نہیں کر سکتی، میں آرٹیکل 191 اے کی مثال دینا چاہتا ہوں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ا سکا اختیار موجودہ کیس سے الگ ہے، یہ سوالات 26ویں آئینی ترمیم سے متعلق ہیں، حامد خان نے مؤقف اپنایا کہ آرٹیکل 191اے میں آئینی بنچز کا ذکر ہے، سپریم کورٹ میں ایک آئینی بنچ کا زکر نہیں ہے، کم از کم پانچ ججز پر مشتمل ایک آئینی بنچ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے اسدلال کیا کہ اس صورتحال میں تین آئینی بنچز بن سکتے ہیں جو ان میں سینئر ہوگا وہی سربراہ ہوگا، آرٹیکل 191اے ججز کمیٹی کے سیکشن 2اے سے ہم آہنگ نہیں اس لیے خلاف آئین ہے۔

اس کے ساتھ ہی عدالتی معاون حامد خان کے دلائل مکمل ہوگئے۔ کیس کی سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کیا، سماعت ساڑھے 11 بجے دوبارہ شروع ہوئی۔

دوران سماعت عدالت میں قہقہے لگ گئے جب کہ جسٹس منصور علی شاہ اور احسن بھون کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔

احسن بھون نے کہا کہ اس کیس میں جتنے عدالتی فیصلوں کے حوالے دیے جا رہے ہیں 26ویں ترمیم کے بعد وہ غیر موثر ہو چکے ہیں، آپ ججز کمیٹی کا حصہ ہیں، آپ بیٹھیں یا نہ بیٹھیں یہ الگ بات ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ میں تو جوڈیشل کمیشن کا بھی ممبر ہوں، احسن بھون نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں ججز بھی لگائے جا رہے ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ہم جو ججز نامزد کرتے ہیں انھیں تو ایک ہی ووٹ ملتا ہے وہ بھی ہمارا ہی ہوتا ہے، باقیوں کو گیارہ گیارہ ووٹ پڑ جاتے ہیں، یہ تو گپ شپ لگتی رہے گی۔

احسن بھون نے کہا کہ ماضی میں کچھ فیصلے ہوئے۔ جسٹس منصور شاہ نے ریمارکس دیے کہ ماضی کیا حالیہ مخصوص نشتوں کا فیصلہ ابھی پڑا ہے، ماضی میں اتنا نہ جائیں، آپ ہمارے یونیورسٹی کے دوست بھی ہے۔

احسن بھون نے کہا کہ ماضی میں تشریح کے نام پر آئینی آرٹیکل کو غیر موثر کیا گیا، جسٹس منصور علی شاہ بولے آجکل تو ایسا کچھ نہیں ہوا، حال میں تو سب ٹھیک ہے۔

احسن بھون کا کہنا تھا کہ حال تو مائی لارڈ اب لکھیں گے، ماضی کے تلخ تجربات کی روشنی میں کوئی فیصلہ نہ کیا جائے۔

جسٹس منصور شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہم تو آئینی بینچ میں نہیں ہیں، ہم نے کیا کرنا ہے، ہم تو ویسے ہی گپ شپ کر رہے ہیں، احسن بھون نے کہا کہ اس لیے ہم چاہتے تھے کہ آئینی عدالت بنے۔

جسٹس منصور شاہ نے کہا کہ تھوڑا دھکا اور لگا کر آئینی عدالت بنا لیتے، احسن بھون نے کہا کہ دھکا تو ہم نے لگایا تھا۔

جسٹس منصور شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہم نے آرٹیکل 191اے کا جائزہ لینا تھا، جائزہ کے دوران کیس بینچ سے واپس لے لیا گیا۔

احسن بھون نے کہا کہ مجھے گزارش تو کرنے دیں، بینچ پریکٹس پروسیجر کمیٹی نے بنایا تھا۔

جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ اصل میں ساری شرارت ہمارے آرڈر کی ہے، ویسے تو ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔

جسٹس منصور شاہ نے ریمارکس دیے کہ کیا دنیا میں ایسا ہوتا ہے کہ ایگزیکٹو بینچ بنائے، احسن بھون نے مؤقف اپنایا کہ یہ قانون پارلیمنٹ نے بنایا ہے، جب تک آئین میں شامل ہے تو وہ دستور کا حصہ ہے۔

جسٹس منصور شاہ نے کہا کہ کیا ہم آرٹیکل 191 اے کا جائزہ بھی نہیں لے سکتے، احسن بھون نے کہا کہ آپ جائزہ نہیں کیس کو آئینی بینچ کو ریفر کرینگے۔

جسٹس منصور شاہ نے ریمارکس دیے کہ آئینی بینچ تو 26 آئینی ترمیم کے زریعے بنا، کیا چلتا کیس کمیٹی واپس لے سکتی ہے۔

احسن بھون نے کہا کہ یہ آئینی منشا ہے، جسٹس عقیل عباسی بولے کہ اگر ہم آرڈر کرتے تو غیر آئینی ہوتا، جوڈیشل آرڈر عدالتی حکم سے ہی ختم ہو سکتا ہے۔

احسن بھون نے کہا کہ اگر معاملہ آئینی و قانونی حیثیت کا ہو تو کمیٹی آئینی بینچ کو بھیج سکتی ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب آپکو آج ہی سنیں گے، کوشش کریں گے آج ہی سماعت مکمل ہو جائے۔

عدالتی معاون خواجہ حارث نے دلائل شروع کرتے ہوئے کہا کہ جس عدالتی بنچ نے ابتدا میں سوالات فریم کیے اسی بینچ کو یہ کیس سننا چاہیے تھا، آرٹیکل 191اے آئین کا حصہ ہے جسے کسی جوڈیشل فورم نے کالعدم قرار نہیں دیا گیا، اگر ریگولر بینچ کے سامنے کوئی آئینی نقطہ آیا تھا تو اسے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو بھیجنا چاہیے تھا۔

خواجہ حارث نے کہا کہ اگر آپکا پچھلا عدالتی بنچ آئینی سوالات پر فیصلہ دیتا تو وہ فیصلہ ہی خلاف قانون ہوتا، یہ معاملہ عدالتی بنچ کو ججز انتظامی کمیٹی کو بھیجنا چاہیے تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ایسا ہی ایک واقعہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیساتھ بھی پیش آیا، ایک جوڈیشل آرڈر پر رجسٹرار آفس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا، جوڈیشل آرڈر کے باوجود انتظامی کمیٹی نے کیس ہی لے لیا، ایسے میں تو عدلیہ کی آزادی انتظامی کمیٹی کے ہاتھ چلی جائے گی، ہمارا اختیار سماعت تھا یا نہیں، اس پر فیصلہ تو ہوا ہی نہیں، شاہد ہم بھی یہ کہہ دیتے، ہمارا اختیار نہیں ہے۔

عدالتی معاون خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں موقف اپنایا کہ سول اورکریمنل کیسز میں آئینی سوالات ریگولر بنچ دیکھ سکتا ہے، آرٹیکل 185 تین پر مگر دائرہ اختیار کا معاملہ آجاتا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ابھی ہم نے 63 اے کا ایک کیس تھا اس میں ریگولر بنچ میں فیصلہ دیا، یہاں کیس ہم سے واپس لیکر کمیٹی نے آئینی بنچ میں لگا دیا۔

خواجہ حارث نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی ڈائریکٹ کیس آئینی بنچ میں نہیں لگا سکتی، آئینی بنچ میں کیس آئینی کمیٹی ہی لگا سکتی ہے، اگر سادہ کمیٹی نے ایسا کیا تو غلط کیا ہے، مجھے پتہ چلا کہ جو بنچ پہلے کیس سن رہا تھا وہ اگلے ہفتے کیلئے بنچ شیڈیول میں نہیں تھا، ایسی صورتحال میں کمیٹی کیس کسی اور بنچ میں لگا دینے کی مجاز ہے، کمیٹی کا کیس واپس لینا اس کے آئینی مینڈیٹ کے تناظر میں دیکھنا چاہئے، اس اختیار کے استعمال کو جوڈیشل آرڈر کی خلاف ورزی پر نہیں پرکھنا چاہیے۔

خواجہ حارثپریکٹس اینڈ پروسیجر آج بھی ایک نافذ العمل قانون ہے، سپریم کورٹ کا بنچ قانون کیمطابق ہی کوئی بھی حکم جاری کر سکتا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کیا انتظامی کمیٹی جوڈیشل آرڈر کے درست ہونے کا جائزہ لے سکتی ہے؟

اگر ہمارا16 جنوری کا آرڈر غلط ہے تو کیا وہ جوڈیشل فورم پر ہی چیلنج نہیں ہو گا؟ خواجہ حارث نے کاہ کہ یہاں آپ کی بات درست ہے مگر میں اس کو صرف الگ تناظر میم دیکھ رہا ہوں۔

جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ کیا آئین میں نہیں لکھا کہ سپریم کورٹ کا آرڈر تمام ایگزیکٹو اتھارٹیز کو ماننا لازم ہے؟ کیا سپریم کورٹ کی انتظامی کمیٹی پر یہ آئینی شق لاگو نہیں؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *