بھارتی اداکارہ کو ان کے اکاؤنٹنٹ نے لاکھوں کا چونا لگا دیا
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان سے دھوکے سے کئی چیک سائن کروائے گئے
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی ٹیلی ویژن اسٹار دیویانکا ترپاٹھی نے ایک مالی دھوکہ دہی کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے ایک انٹرویو میں دیویانکا نے بتایا کہ ان کے قابلِ بھروسہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے) نے ان کے ساتھ 12 لاکھ روپے کا غبن کیا جس کا ان کو بعد میں علم ہوا۔
دیویانکا نے کہا کہ اپنے مصروف شیڈول کے باعث وہ مالی معاملات دیکھنے کے لیے وقت نہیں نکال سکتی تھیں اور اپنے سی اے پر مکمل اعتماد کرتی تھیں، جو دو سال سے ان کے اکاؤنٹس سنبھال رہا تھا۔ سی اے نے انہیں سرمایہ کاری کے لیے فکسڈ ڈپازٹس کا مشورہ دیا، جس پر دیویانکا نے چار چیک جاری کیے۔ تاہم ان کا سی اے غائب ہو گیا اور 12 لاکھ روپے ہڑپ گیا۔
جب دیویانکا نے پیسے واپس لینے کی کوشش کی، تو چار میں سے تین چیک باؤنس ہو گئے، اور انہیں 9 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ قانونی چارہ جوئی بھی ناکام رہی، کیونکہ ان کا وکیل بھی ناقابلِ اعتبار نکلا اور تمام فائلیں غائب ہو گئیں۔ دیویانکا نے اعتراف کیا کہ وہ آخرکار یہ لڑائی چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں۔
تاہم اب اداکارہ اپنے مالی اور قانونی معاملات میں بہت احتیاط کرتی ہیں اور کسی بھی آنکھ بند کر کے بھروسہ نہیں کرتیں۔