سعودی عرب نے قومی ترانے کی تشکیل نو کے لیے آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار کی خدمات حاصل کرلیں
ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (جی ای اے) کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہالی ووڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار ہینس زمر سے مختلف پروجیکٹس کے حوالے رابطے میں ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جرمن موسیقار سے مبینہ طور پر جنگِ یرموک پر بننے والی سعودی فلم کی موسیقی اور ملک کے قومی ترانے کی تشکیلِ نو کے حوالے سے گفتگو کا سلسلہ جاری ہے۔جرمن موسیقار ہینس زمر اور سعودی عہدے دار کے درمیان ملاقات ریاض میں منعقد ہونے والے جوائے ایوارڈ کے دوران ہوئی۔ترکی آل الشیخ نے ملاقات کی تفصیلات سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک ٹویٹ میں شیئر کیں۔
ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی ملاقات ایک ایسے شخص سے ہوئی ہے جو اس وقت کے بڑے موسیقاروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے درمیان ہونے والی گفتگو میں مستقبل کے منصوبوں (جس میں مختلف آلات کا استعمال کر کے سعودی ترانہ کی تشکیلِ نو شامل ہے) کے متعلق بات کی گئی جن کے متعلق وہ پُر امید ہیں کہ جلد ہی عملی جامہ پہنا دیا جائے گا۔