دنانیر مبین اور احد رضا میر کی بڑھتی ہوئی قربتیں، آخر چکر کیا ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی مشہور’پاوری گرل‘، اداکارہ دنانیر مبین اور احد رضا میر کے نئے ڈرامے ’م سے محبت‘ کے سیٹ سے ویڈیوز اور تصاویر اکثر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں۔ جس کے بعد دونوں اسٹارز کے درمیان قربتوں کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
کیونکہ احد رضا میر کے ساتھ ساتھ ان کے والدین آصف رضا میر اور والدہ سمرا رضا میر بھی دنانیر کو خاص اہمیت دیتے نظر آرہے ہیں، سمرا رضا میر نے حال ہی میں دنانیر مبین کے لیے اپنے ہاتھوں سے ’دنبہ کڑاہی‘ تیار کی جو کہ دنانیر مبین کی والدہ کی بتائی گئی ترکیب سے تیار کی گئی تھی۔ جس کے بعد صارفین کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ان کی قربتیں دوستی سے بڑھ کر ہیں۔
اس دنبہ کڑاہی کی جھلک دنانیر مبین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر بھی کی تو صارفین یہ سوال کرتے نظر آئے کہ یہ صرف دوستی ہے یا کچھ اور؟ جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ لگتا ہے اداکارہ رمشا اور احد رضا میر کا بریک اپ ہو گیا ہے، اب یہ خاندان دنانیر کے پیچھے پڑ گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دنانیر اور احد کا نام ایک ساتھ جوڑا گیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی احد رضا میر اور دنانیر مبین کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دنانیر کی گریجویشن کی خوشی میں احد رضا میر نے انہیں نوٹوں کا ہار پہنایا جبکہ آصف رضا میر نے مٹھائی کا تحفہ پیش کیا اور انہیں گریجویشن کی مبارکباد دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین پہلے تو سمجھے کہ احد اور دنانیر کا رشتہ طے ہونے کے باعث انہیں ہار اور مٹھائی پیش کی جارہی ہے تاہم بعد میں انہیں ویڈیو کی حقیقت معلوم ہوئی۔
ڈرامہ ’م سے محبت‘ میں دنانیر اور احد رضا میر کی جوڑی کو ناظرین بے حد پسند کر رہے ہیں۔ لیکن اسی کے ساتھ کئی لوگ ایسے بھی ہیں جو ان کی جوڑی کو صرف ایک آن اسکرین جوڑی کی حیثیت سے نہیں بلکہ دوستی سے بڑھ کر بھی دیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ احد رضا میر اور سجل علی نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی، تاہم مارچ 2022 میں ان کے درمیان طلاق کی خبریں سامنے آئیں لیکن دونوں نے خود طلاق کی خبروں پر 3 سال گزر جانے کے باوجود کوئی بات نہیں کی۔