نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے نئے انکلوژرز کن 2 اسٹار کھلاڑیوں کے نام سے منسوب؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لیجنڈری پاکستانی بلے باز یونس خان اور مشہور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں انکلوژرز کے نام ان کے ناموں پر رکھے جائیں گے۔ یہ اعزاز آئی سی سی مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے پہلے دیا جائے گا۔ یہ اقدام اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے جو تکمیل کے قریب ہے۔ حکام اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ یہ کام اس بڑے ٹورنامنٹ سے پہلے مکمل ہو جائے۔
فیصلے کے مطابق مجید خان انکلوژر کا نام یونس خان کے نام پر رکھا جائے گا جبکہ قائد انکلوژر کا نام شاہد آفریدی کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ اسی طرح ظہیر عباس انکلوژر کا نام نذر محمد کے نام پر رکھا جائے گا۔ نئے تعمیر شدہ پیٹرن انکلوژرز کو لیجنڈری کرکٹرز ظہیر عباس اور مجید خان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
اسٹیڈیم میں 5 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے، جس میں جدید سہولیات موجود ہیں، بشمول آئی سی سی اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ یونٹس، فزیو رومز، اور گراؤنڈ فلور پر میچ آفیشلز کے لیے کمرے ہیں جبکہ دوسرے فلور پر ڈریسنگ رومز قریباً مکمل ہو چکے ہیں۔
نئی عمارت کے تیسرے اور چوتھے فلور پر 24 ہاسپیٹیلٹی باکسز تیار ہو رہے ہیں جو ایک ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھتے ہیں۔ 5ویں فلور پر چیئرمین باکس اور ایڈمن بلاک آخری مراحل میں ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچیمیں 2 نئے ڈیجیٹل اسکور بورڈز نصب کیے جا رہے ہیں، جن میں مرکزی اسکرین کا سائز 80×30 فٹ ہے۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے اسٹیڈیمز کی طرز کے جدید ایل ای ڈی فلڈ لائٹس 6 پولز پر نصب کی جا رہی ہیں، جو شاندار ویوئنگ تجربہ فراہم کریں گی۔
تماشائیوں کے لیے آرام دہ نشستوں کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے، جن میں سے کچھ قذافی اسٹیڈیم سے منتقل کی گئی ہیں۔ وی آئی پی پویلینز نئے تعمیر شدہ عمارت کے گرد خصوصی نشستوں کی سہولت فراہم کریں گے، جبکہ کھلاڑیوں کے لیے میدان میں جانے کے لیے جدید راستہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ تزئین و آرائش کے اس منصوبے کی وجہ سے ڈومیسٹک میچز متاثر ہوئے ہیں، قائداعظم ٹرافی کا فائنل یو بی ایل گراؤنڈ منتقل کیا گیا، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ بھی ملتان میں کھیلا گیا تھا۔