پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات ختم کیوں کیے؟ آپشنز کیا ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ حکومت کی جانب سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر کیا۔ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف گھروں پر چھاپے پڑ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات صاحبزادہ حامد رضا کے گھر پر چھاپہ پڑا، حکومت سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ ماننے کے بجائے مزید مقدمات بنارہی ہے، ایسی صورتحال میں مذاکرات کا سلسلہ جاری نہیں رہ سکتا۔
پی ٹی آئی کے پاس آپشنز کیا ہیں؟
پاکستان تحریک انصاف نے بین الاقوامی سطح پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم آئندہ چند روز میں بیرون ملک پاکستانیوں سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال دیں گے۔ سول نافرمانی تحریک کو مزید مؤثر بنایا جائےگا۔
ذرائع نے بتایا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو خطوط ارسال کیے جائیں گے اور پارلیمان کے اندر بھی بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے لیے کانفرنس کا انعقاد کروایا جائےگا جس میں موجودہ صورتحال میں متحدہ سیاسی حکمت عملی اپنائی جائےگی۔