یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا مستقبل کیا ہوگا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے باقاعدہ خاتمے کے عمل کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی نے کارپوریشن کی تنظیم نو سے متعلق مشاورت کے بعد اس کے مستقبل طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے حوالے سے وفاقی وزیررانا تنویر حسین کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے بھی اہم تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایات پرعمل درآمد کے لیے مشاورت کرتے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت صنعت کے اعلامیہ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین اور ملک بھر میں قائم اسٹورز کی پروڈکٹیوٹی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیررانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی تنظیم نو کے لیے کئی نجی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں تاہم اس ضمن میں حتمی فیصلہ ابھی کرنا باقی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس عمل کی نگرانی کے لیے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار کی سربراہی میں ایک 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں آپریشن فوری طور پر بند کرنے کا طریقہ کار مرتب کرے گی اور کارپوریشن کی جائیدادوں اوراثاثوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کا خاکہ پیش کرے گی۔