ایف بی آر حکام کو گاڑیاں فراہم کیا جانا اہم ضرورت ہے:وزیر خزانہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایف بی آر حکام کو گاڑیاں فراہم کیا جانا اہم ضرورت ہے، گاڑیوں کی خریداری میں شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔
روز نامہ جنگ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں گاڑیوں کی خریداری کے معاملے پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قائمہ کمیٹی کے خط پر ردعمل دے دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایف بی آر اہلکار دفتروں میں بیٹھ کر کام جاری نہیں رکھ سکتے، ٹیکس وصولی بہتر کرنے کیلئے افسران کو فیلڈ میں جانا پڑے گا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ گاڑیاں فراہم کرنے والی تمام کمپنیاں پاکستانی ہیں، کسی کمپنی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔
خیال رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ایف بی آر افسران کےلئے گاڑیوں کی خریداری روکنے کےلئے گزشتہ روز خط لکھا تھا۔اپنے خط میں ان کا کہنا تھا کہ خریداری کے عمل میں شفافیت پر سمجھوتا کیا گیا، پرچیز آرڈر کینسل کیا جائے۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی کا وزیر خزانہ کو لکھے گئے خط میں کہنا تھا کہ ایف بی آر کی طرف سے 1010 گاڑیاں خریدنے پر سینیٹ کمیٹی کو تحفظات ہیں، کمیٹی ممبران نے گاڑیوں کی خریداری میں اوپن بڈنگ نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے خط میں کہا تھا کہ گاڑیوں کی خریداری کے عمل کو مس مینجمنٹ اور ممکنہ بدنیتی سمجھا گیا، گاڑیوں کی خریداری کے عمل میں شفافیت پر سمجھوتا کیا گیا، خریداری میں شفافیت کو یقینی بنانا بنیادی اصول ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *