بھارت اور پاکستان نے آصف بشیر کو اعلیٰ سول اعزاز سے کیوں نوازا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور بھارت نے حج 2024 کے دوران کئی حجاج کرام کی جان بچانے پر پاکستان کے شہری آصف بشیر کو اعلیٰ سول اعزاز سے نوازا ہے۔
جمعرات کو پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری نے آصف بشر کو پاکستان کے بڑے سول اعزاز تمغہ امتیاز سے نوازا ہے جب کہ بھارت نے 26 جنوری 2025 کو آصف بشیر کو ممتاز بھارتی سول ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمعرات کو قریباً 44 حجاج کرام کی زندگیاں محفوظ بنانے پر پاکستانی شہری آصف بشیر تمغہ امتیاز عطا کردیا ہے اس سلسلے میں تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت نے آصف بشیر کو تمغہ امتیاز عطا کیا۔
آصف بشیر نے بطور معاون حج خدمات سر انجام دیتے ہوئے کئی حجاج کی جانیں بچائی تھیں، وہ اس وقت ڈی سی آفس پشاور میں بطور کمپیوٹر آپریٹر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ادھر حکومت بھارت نے پاکستانی ہیرو آصف بشیر کو حج 2024 کے دوران ان کی غیر معمولی بہادری پر بھارت کی جانب سے ’ممتاز بھارتی سول ایوارڈ‘ کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آصف بشیر کے انسانی ہمدردی کے اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے اور بھارتی حکومت نے انہیں 26 جنوری 2025 کو ایوارڈ وصول کرنے کے لیے نئی دہلی آنے کی دعوت دی ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹس میں کہا جا رہا ہے کہ آصف بشیر کی بے لوث خدمت سرحدوں کے آر پار ہمدردی کی مثال بن گئی ہے، ان کے اس انسانی ہمدردی کے جذبے نے کئی لوگوں کو متاثر کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے آصف بشیر نے حج 2024 کے دوران منیٰ میں شدید گرمی کے دوران 44 حجاج کرام کی زندگیوں کو محفوظ بنایا، ان حجاج کرام میں 24 بھارتی حجاج کرام بھی شامل تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *