پاکستان پیپلزپارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے حکومت سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کردیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیرصدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری اور دیگر نے کہاکہ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ اجلاس نے کرم کے معاملے پر گورنر فیصل کریم کنڈی کے کردار کو سراہا، کیونکہ انہوں نے اس معاملے پر اے پی سی بلائی تھی۔
نیئر بخاری نے کہاکہ اجلاس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ افراد کی بحالی کے فنڈز فوری جاری کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ اجلاس نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے اور گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت و ملکیت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اراکین نے حکومت کے رویے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سی ای سی اراکین نے مؤقف اختیار کیاکہ پنجاب حکومت تحریری معاہدوں کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ اس کے علاوہ قومی معاملات میں پیپلزپارٹی کو مشاورت میں شریک نہ رکھنے پر بھی شدید ردعمل ظاہر کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اراکین نے کہاکہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنا سندھ میں آگ لگانے کے مترادف ہے۔ اراکین نے مطالبہ کیاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت یہ معاملہ حکومت کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھائے۔