وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے سدباب کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف نے انسانی اسمگلنگ کے سدباب کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث انسانیت کے قاتلوں کو عبرتناک سزا دے کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
بدھ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کی تحقیقات کے لیے ٹاسک فورس کے قیام کے لیے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے ٹاسک فورس کی منظوری دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو اداروں کی جانب سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں، ان کے خلاف ایف آئی آرز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 6 منظم انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کی نشاندہی، 12 ایف آئی آرز، 25 ملوث افراد کی نشاندہی، 3 اہم افراد کی گرفتاری، 16 لوگوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جاچکے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطا اللّٰہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کی نشاندہی کرکے انہیں عبرت ناک سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان گروہوں کے افراد کی گرفتاریوں میں تیزی لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے بشمول وزارت خارجہ انسانی اسمگلروں کی نشاندہی میں کردار ادا کریں، کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے واقعے پر مجھ سمیت پوری قوم مغموم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث انسانیت کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچا کردم لیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *