کیا چیمیئنز ٹرافی سے قبل وارم اپ میچز نہیں ہوں گے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز پاکستان میں 19 فروری سے ہوگا تاہم مختلف ممالک کی ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں وارم اپ میچز کھیلیں، اس بات کے امکانات انتہائی کم ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ تقریباً تمام ٹیمیں پہلے سے شیڈول ایونٹس میں مصروف ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں سہ فریقی ٹورنامنٹ کھیلیں گی جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دبئی میں دوملکی سیریز میں مصروف ہوں گی۔
چیمپیئنز ٹرافی سے قبل ان تمام ٹیموں کے پاس وارم اپ میچز کھیلنے کا وقت نہیں بچے گا۔ مزید برآں، انگلینڈ، آسٹریلیا اور سری لنکا جیسی بڑی ٹیموں کے لیے بھی ابھی تک کوئی وارم اپ میچ شیڈول نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اسٹیڈیمز کی تیاریاں بھی ابھی تک مکمل نہیں ہوئیں جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مختلف ممالک کی ٹیمیں پاکستان کی کنڈیشنز خصوصاً پچز کو سمجھ نہیں سکیں گے۔
عام طور پر آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی بڑی کرکٹ ٹیمیں کنڈیشنز اور پچز کو بہت اہمیت دیتی ہیں اور انہی کنڈیشنز کی بنیاد پر کھیل کی حکمت عملی تیار کرتی ہیں۔ چونکہ چیمپیئنز ٹرافی سے قبل وارم اپ میچز کھیلے جانے کے امکانات کم ہیں، لہٰذا اب ان ٹیموں کو اپنے تجربے اور مہارت کی روشنی میں دیگر ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *