دھمکی ملنے کے بعد راجپال یادیو کا پہلا بیان آگیا
ممبئی (قدرت روزنامہ) معروف بالی ووڈ اداکار راج پال یادیو ان 4 بھارتی سیلیبریٹیز میں شامل ہیں جنہیں مبینہ طور پر بذریعہ ای میل جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ان کے علاوہ دھمکی وصول کرنے والوں میں معروف کامیڈین کپل شرما، اداکارہ سوگندھا مشرا اور کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا شامل ہیں۔
پولیس نے اس حوالے سے مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں اور نہ ہی ان سیلیبریٹیز کی جانب سے اب تک دھمکی ملنے کے حوالے سے کوئی بیان دیا گیا ہے البتہ اداکار راج پال یادیو نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس معاملے کی اطلاع ممبئی پولیس کو دی ہے جس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔راج پال نے بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اس دھمکی کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے جو انہیں موصول ہوئی ہے، اداکار نے شیئر کیا کہ انہوں نے پولیس اور سائبر کرائم دونوں محکموں کو معلومات فراہم کردی ہیں۔