بدقسمتی سے کے پی حکومت نے صوبے کی ترقی کیلیے کچھ نہیں کیا:انجینئر امیر مقام اور کیپٹن (ر) صفدر کی پریس کانفرنس
پشاور (قدرت روزنامہ) سابق صوبائی وزیر اور جے یو آئی (ف) کے رہنما رحمت سلام خٹک نے اپنے دوستوں سمیت مسلم لیگ( ن) میں شمولیت کا اعلان پشاور میں وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبے کے عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو معاشی اور دیگر بحرانوں سے نکالنے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت کی مضبوط پالیسیوں کی وجہ سے معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بدقسمتی سے کے پی حکومت نے صوبے کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا۔ کے پی کے وزیراعلیٰ دوسرے صوبوں کا مقابلہ کریں تو اچھا ہوگا لیکن ان کی ترجیح ترقی اور خوشحالی نہیں ہے۔ ہم نے پی ڈی ایم حکومت کے دوران ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ اور کوششوں سے ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے کی منظوری سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے دی تھی اور بعد میں پی ٹی آئی نے کام روک دیا تھا۔
اس موقع پر کیپٹن (ر)صفدر نے خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مکمل کیے گئے مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پنجاب کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی ترقی اور خوشحالی لائے گی۔ ہم اپنے صوبے کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ جب انجینئر امیر مقام وزیراعلیٰ بنیں گے تو اس صوبے کو عظیم بنائیں گے۔