ژوب: صوبائی وزیر نے جواری کلرک کے ہاتھوں لٹنے والے طلبا کی لاکھوں روپے امتحانی فیس جمع کرادی
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرکاری اسکول کے جونیئر کلرک کی جانب سے طلبا کی امتحانی فیس جوئے میں ہارنے کے واقعہ کے بعد صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے طلبا کی امتحانی فیس جمع کرادی ہے۔
صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے 24 لاکھ 16 ہزار 8 روپے کی رقم طلبا کی امتحانی فیس کی مد میں جمع کرائی ہے۔
واضح رہے کہ ژوب کے سرکاری اسکول کا جونیئر کلرک نویں اور دسویں جماعت کے طلبا کی امتحانی فیس جوئے میں ہار گیا تھا۔ امتحانی فیس جمع نہ ہونے پر طلبا کے امتحانات سے متعلق شکوک و شبہات پائے جارہے تھے۔
پولیس کے مطابق، جونیئر کلرک شہزاد جمال نے امتحانی فیس کے 23 لاکھ 15 ہزار روپے آن لائن جوئے میں اڑا دیے تھے، کلرک کے پاس اسکول کے نویں اور دسویں جماعت کے 878 طلبا نے امتحانی فیس جمع کرائی تھی۔
پولیس نے گزشتہ برس اکتوبر میں پرنسپل گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول ژوب وزیر خان کی مدعیت میں جونیئر کلر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور اسے گرفتار کرلیا تھا۔
واقعہ کے بعد صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے فیس جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی جو اب بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں جمع کرادی گئی ہے۔