آزادی صحافت پر حملہ ناقابل قبول، جماعت اسلامی نے پیکا ایکٹ کی مخالفت کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے متنازعہ پیکا ایکٹ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت نہیں چاہتی کہ آزادی صحافت پر حملہ ہو۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو متازعہ ایکٹ پر مشاورت کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں ن لیگ اور پھر پی ٹی آئی حکومت میں بھی پیکا آرڈیننس لایا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم یہ ضرور چاہتے ہیں کہ میڈیا کا کوڈ آف کنڈکٹ بنے جس کی سب پابندی کریں، سب مل کر مذہب اور ملک کے خلاف چلنے والی فیک نیوز کا بھی سدباب کریں اور ایسے تمام اقدامات کریں جس سے ہماری آزادی اور خودمختاری پر حملہ آور نہ ہوسکے۔
حافظ نعیم نے بتایا کہ پچھلے دنوں انہوں نے قطر کا دورہ کیا، جہاں ان کی حماس کی قیادت اور علما سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں میڈیا ہاؤسز کا بھی دورہ کیا جہاں غزہ میں جان ہتھیلی پر رکھ کر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں سے بھی ملاقات ہوئی۔
غزہ کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں شکست کھا چکا ہے، پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے لیکن اس کے باوجود فلسطینی نہیں جھکے، یہ حماس، اہل غزہ اور وہاں کی مزاحمت کی فتح ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *