عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے میر عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار بابر خان موسی خیل کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوئی ۔بی اے پی کے سرفراز چاکر ڈومکی ووٹ کا اندراج کرانےوالے دوسرے، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادرعلی نائل اندراج کرانےوالے تیسرے رکن اسمبلی بنے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل نے ووٹنگ کاعمل مکمل ہوجانے کے بعد میر عبدالقدوس بزنجو کے بلامقابلہ وزیراعلی بلوچستان منتخب ہونے کا اعلان کیا، انہیں 39 اراکین کے ووٹ ملے
جس کے بعد عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کی نشست سنبھال لی۔ اس سے قبل کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سوا گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، وزارت اعلیٰ کے تنہا امیدوار میرعبدالقدوس بزنجو اور بیشتر اراکین ایوان میں موجود تھے جبکہ قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ سمیت دیگر اپوزیشن اراکین ایوان نہیں پہنچے۔ قواعد کے مطابق ایوان میں غیر موجود اراکین کی حاضری کےلئے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں جس کے بعد اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے گئے۔ 5 منٹ کے بعد اراکین اسمبلی ایوان میں عملے کے پاس اپنے ووٹ کا اندراج کرانا شروع کیا گیا۔