میٹا کا رواں سال اے آئی کے شعبے میں 60 سے 65 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر بہت زیادہ کام کیا جا رہا ہے اور ہر کمپنی اس شعبے میں سبقت حاصل کرنا چاہتی ہے جس میں میٹا بھی شامل ہے۔
یہی وجہ ہے کہ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے میٹا اے آئی میں رواں سال کے دوران 60 سے 65 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک فیس بک پوسٹ میں مارک زکربرگ نے بتایا کہ یہ اے آئی کے لیے اہم ترین سال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ‘2025 میں ہمیں توقع ہے کہ میٹا اے آئی اہم ترین اے آئی اسسٹنٹ ثابت ہوگا جو ایک ارب سے زائد افراد کو خدمات فراہم کرے گا، لاما 4 لارج لینگوئج ماڈل اس شعبے میں قیادت کرنے والا ماڈل ثابت ہوگا’۔
لاما بنیادی طور پر ایک اوپن سورس لارج لینگوئج ماڈل ہے جو فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ میں دستیاب میٹا اے آئی اسسٹنٹ کی بنیاد ہے۔
ابھی لاما 3 ماڈل کو استعمال کیا جا رہا ہے مگر میٹا کی جانب سے دسمبر 2024 میں اعلان کیا گیا تھا کہ لاما 4 ماڈل 2025 میں متعارف کرا دیا جائے گا۔
مارک زکربرگ نے بتایا کہ میٹا کی جانب سے ایک بہت بڑا ڈیٹا سینٹر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس سال 60 سے 65 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جبکہ اے آئی ٹیمز کو بھی توسیع دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاری کا عمل آنے والے برسوں میں بھی جاری رہے گا۔
یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹار گیٹ پراجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔
500 ارب ڈالرز کے اس پراجیکٹ میں اے آئی انفرا اسٹرکچر پر سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے تحت اے آئی ڈیٹا سینٹرز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
مارک زکربرگ نے اسٹار گیٹ پراجیکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا قدیم ہے اور آنے والے برسوں میں تاریخی تنوع کو ان لاک کرنے اور امریکی ٹیکنالوجی کی قائدانہ حیثیت کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *