پختونوں کے ساتھ سلوک ٹھیک نہیں رکھیں گے تو کراچی نہیں چل پائے گا: ایمل ولی
پشاور(قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ پختونوں سے ناروا سلوک بند کیا جائے، کراچی سب قوموں کا شہر ہے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے گذارش ہے کہ کراچی کے پختونوں پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے تحت کراچی میں مزار قائد کے سامنے باغ جناح میں باچا خان اور عبدالولی خان کی برسی کی مناسبت سے جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ اے این پی کے کارکنان ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچے جبکہ جلسے میں خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
جلسے سے خطاب میں ایمل ولی خان کا کہناتھاکہ آج ہم باچا خان اور ولی خان جیسی قیادت کی یاد میں جمع ہوئے ہیں، باچا خان اور خدائی خدمت گاروں نے انگریز سامراج کے سامنے آواز اٹھائی، باچا خان نے عدم تشدد کا فلسفہ دیا جس پر ہم آج بھی کاربند ہیں، ولی خان کی تاریخ آزاد ہے،اس پر لوگ پی ایچ ڈی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک ہر انتخابات میں دھاندلی ہوئی، ملک میں حکومت بھی کمپرومائزڈ ہے اور اپوزیشن بھی، آج پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، کے پی میں 90 فیصد مینڈیٹ دے کر قومی اسمبلی میں کمپرومائزڈ اپوزیشن بنائی گئی۔
ان کا کہناتھاکہ پاکستان کے انتخابات ہمارے سامنے ہیں، 1985 میں بدترین انتخابات ہوئے، 2013 میں جہاں سب انتخاب لڑ رہے تھے ہم لاشیں اٹھا رہے تھے، اس بار عوام کے مینڈیٹ کو بیچ کر لوگوں لاکر اسمبلی میں بیٹھا دیا گیا، حکومت سے توقع نہیں ہے کہ وہ آزاد ہوں گے کیونکہ ان کو حکومت ملی ہے، خیبر پختونخوا کا 90 فیصد مینڈیٹ غیر ذمہ دارانہ لوگوں کو دیا گیا، ہم بات کرتے ہیں تو ہمیں ایجنٹوں کے نام سے پکارا جاتا ہے۔
ایمل ولی کا کہنا تھاکہ ہم نے اپنے سر کی قربانیاں دے کر امن کا نعرہ دیا ہے، ہمارے ہر شہید نے سینے پر گولی کھائی ہےلہٰذا ہم سے کوئی توقع نہ رکھے ہم جمہوریت کے خلاف کھڑے ہوں گے، ہم وسائل اور بچوں کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے۔
کراچی کے حوالے سے اے این پی سربراہ نے کہاکہ کراچی سب کا شہر ہے، اگر قوم کہے کہ اس پر میرا حق ہے اور کسی کا نہیں ہے تو غلط ہے، یہ شہر سندھی، بلوچی سب کا ہے،اس شہر سے کوئی قوم ختم نہیں ہوسکتی ہے، آصف زرداری اور بلاول سے دوستانہ گزارش ہے پختونوں کےسرپرشفقت کا ہاتھ رکھیں، پختونوں کے ساتھ سلوک ٹھیک نہیں رکھیں گے تو کراچی نہیں چل پائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پختونوں کے ساتھ ناروا سلوک نہ رکھے، پورا پاکستان بند کرسکتے ہیں چابی میرے ورکر کے ہاتھ میں ہے، اس قوم کو ایٹم بم کی ضرورت نہیں ہے قلم کی ضرورت ہے۔