آپ کے سوال میں بہت زیادہ تضحیک تھی’، شان مسعود کپتانی سے متعلق سوال پر ناراض ہوگئے
ملتان (قدرت روزنامہ )قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کپتانی سے متعلق صحافی کے سوال پر ناراض ہو گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ویسٹ انڈیز سے دوسرے ٹیسٹ میں 120 رنز سے شکست کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافی نے شان سے سوال کیا کہ آپ اپنا فیصلہ خود کریں گے یا پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا؟
شان مسعود نے پہلے کہا کہ نیکسٹ کوئسچن (اگلا سوال)، پھر جواب دیا کہ ماضی میں جو ہوا اس کا میں جواب نہیں دو ں گا، اب جو ہو رہا ہے اس کا جواب دے رہا ہوں، آپ حقائق پر بات کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں لیکن آپ کی معلومات بالکل غلط ہیں۔
کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ آپ بھی اپنے کھلاڑیوں کو عزت دیں، فیصلے کرنا پی سی بی کا کام ہے، جو فیصلے ہوئے مجھ سمیت سب کرکٹرز قبول کرتے ہیں، ہم لوگ اس ملک اور اس ادارے کے ہیں ، ہم لوگ آپ کے بھی لوگ ہیں۔
شان مسعود نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سے بے عزت کرنا یہ کوئی بھی برداشت نہیں کرے گا ، آپ کے سوال میں بہت زیادہ تضحیک تھی، آپ نے ایک سوال کے چکر میں دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کی ، ہم پاکستان کے لئے کھیلتے ہیں جو کوشش کرتے ہیں نتیجہ لانے کے لئے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کنڈیشنز میں 4 میں سے 3 میچز جیتے ہیں، ایک میچ ہارے ہیں جس میں پہلے دن میں غلطیاں کی تھیں، پہلے تحقیق کریں پھر سوال کریں اور جو چاہیں رائے دیں۔