چیمپئنز ٹرافی میچز کے ٹکٹس کی فروخت کی تاریخ اور قیمتوں کا اعلان
گروپ میچز اور پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹس کی فروخت 28 جنوری سے شروع ہوگی
لاہور (قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ میچز اور پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹس کی فروخت کا آغاز 28 جنوری سے ہوگا، جنرل اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار جبکہ پریمیئم ٹکٹ 1500 روپے میں دستیاب ہوگا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی دیکھنے والے شائقین کیلئے خوش خبری یہ ہے کہ وہ اب اپنے ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ تک ہوگا جبکہ بھارت کے میچز یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے گروپ میچز اور پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹوں کی فروخت کی تاریخ کا اعلان کردیا، شائقین اپنے ٹکٹ منگل 28 جنوری سے گلف اسٹینڈرڈ ٹائم دوپہر ایک بجے اور پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم دوپہر 2 بجے حاصل کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی فیملی ممبرز کو خصوصی طور پر یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ یہ ٹکٹ پہلے خرید سکتے ہیں، ان کیلئے ٹکٹ پیر 27 جنوری کو دوپہر ایک بجے سے دستیاب ہونگے۔
آئی سی سی کے مطابق جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹ کے قیمت ایک ہزار پاکستانی روپے ہوگی جبکہ پریمیئم سیٹس کی مختلف کیٹیگریز میں 1500 روپے میں دستیاب ہوں گی، جن میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونیوالے 10 میچز شامل ہیں۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ فزیکل ٹکٹس بھی پاکستان میں ٹی سی ایس کے منتخب ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے، جن کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
دبئی میں بھارت کے میچوں کے بارے میں معلومات جلد بتائی جائیں گی تاہم خواہشمند حضرات خود کو رجسٹر کراسکتے ہیں، چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے ٹکٹس جو 9 مارچ کو کھیلا جائے گا، دبئی میں ہونیوالے پہلے سیمی فائنل کے اختتام پر دستیاب ہوں گے۔
آئی سی سی کے چیف کمرشل آفیسر انوراگ داھیاکا کہنا ہے کہ ہم آفیشل ٹکٹس کی فروخت کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں، یہ ایک یادگار موقع ہے کہ پاکستان 1996ء کے بعد پہلے گلوبل ٹورنامنٹ کی میزبانی کررہا ہے، ہمیں یقین ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیمیں بہترین کھیل پیش کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ہم اپنے فینز کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ وہ اس سے محروم نہ ہوں اور اپنے ٹکٹس حاصل کرلیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 1996ء کے بعد پاکستان میں ہونے والا ایک تاریخی ایونٹ ہے اور یہ ایونٹ شائقین کو اپنے سامنے دنیا کے بہترین اسٹارز کو دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔