ٹیک آف سے پہلے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، افراتفری مچ گئی

سیئول (قدرت روزنامہ) جنوبی کورین ایئر لائن ایئر بوسان کی ہانگ کانگ جانے والی پرواز میں آگ لگنے کے باعث 170 سے زائد مسافروں اور عملے کو ہنگامی طور پر طیارے سے نکالنا پڑا۔ یہ واقعہ منگل کی رات جنوبی کوریا کے شہر بوسان کے گِمہے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیا جب طیارہ ٹیک آف کی تیاری کر رہا تھا۔ آگ طیارے کے پچھلے حصے میں لگی جس کے بعد 176 افراد کو فوری طور پر طیارے سے باہر نکالا گیا۔

دی مرر کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

ڈرامائی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائر کریوز طیارے میں لگی آگ کو پانی کی طاقتور دھاروں سے بجھانے میں مصروف ہیں۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات 10:30 بجے پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق آگ کے شعلے طیارے کی مین باڈی کی طرف پھیل رہے تھے تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔

یہ واقعہ جنوبی کوریا کی ہوابازی کی تاریخ میں حالیہ ایک بڑے سانحے کے بعد پیش آیا ہے، جب 29 دسمبر کو جیجو ایئر کی ایک پرواز تھائی لینڈ کے شہر بینکاک سے موآن ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران تباہ ہو گئی تھی جس میں سوار 181 میں سے صرف دو افراد زندہ بچے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *