وزیر اطلاعات نے میڈیا ورکرز کو وقت پر تنخواہ نہ دینے والے اداروں کے حوالے سے اہم بیان دیدیا
لاہور (قدرت روزنامہ ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری سے چیئرمین آئی ٹی این ای شاہد محمود کھوکھر نے ملاقات کی۔ وزیر اطلاعات نے چیئرمین آئی ٹی این ای کو ڈی جی پی آر آمد پر خوش آمدید کہا۔ چیئرمین آئی ٹی این ای نے اپنی سالانہ رپورٹ اور سوینئر وزیر اطلاعات کو پیش کیں۔ آئی ٹی این ای نے ایک سال میں 395 صحافیوں کو ادائیگیاں کروائیں۔ آئی ٹی این ای نے 395 صحافیوں کو 60 کروڑ 33 لاکھ 97 ہزار 434 روپے کی ادائیگیاں کروائی۔
عظمیٰ بخاری نے ویج ایوارڈ پر عملدرآمد کے لیے چیئرمین آئی ٹی این ای سے رائے بھی مانگی۔ چیئرمین آئی ٹی این ای نے اسکے عملدرآمد کے طریقے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اس حوالے سے صوبے میں قانون سازی بھی کرسکتی ہے۔ صحافیوں کو 2019 کے ویج ایوارڈ کے مطابق تنخواہیں ملنی چاہئیں۔ صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ہی حکومت میڈیا کو اشتہارات جاری کرتی ہے۔ہم صحافیوں کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے لائحہ عمل تیار کررہے ہیں۔ویج ایوارڈ اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ میڈیا نمائندوں کے ساتھ ناانصافی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ جو ادارے بروقت اپنے ورکرز کو تنخواہیں ادا نہیں کرتے اس حوالے سے پالیسی گائیڈ لائن واضح کی جائے گی۔ اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی، ڈی جی پی آر صغیر شاہد ،ڈائریکٹر کواڈینیشن خورشید جیلانی اور ای ڈی بلال بھٹی بھی موجود تھے۔