حکومت سے مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چند ماہ قبل ہونہار طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا تھا، جس کی اب تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت ہونہار طلبا و طالبات میں 50 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کرےگی.
وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کے لیے طلبا و طالبات کو آن لائن اپلائی نہیں کرنا پڑےگا، بلکہ تعلیمی اداروں کی جانب سے طلبہ کا ڈیٹا مرتب کیا جائےگا۔
اسکولوں کی جانب سے مرتب کیا گیا ڈیٹا تصدیق کے بعد پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ارسال کیا جائےگا، جہاں سے منتخب طلبہ کی حتمی فہرست جاری ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق لیپ ٹاپ کے حصول کے لیے رجسٹریشن فروری 2025 سے شروع ہوجائےگی، جبکہ تقسیم کا عمل اپریل یا مئی 2025 میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز حال ہی میں یہ کہہ چکی ہیں کہ لیپ ٹاپس کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے جو طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت طلبا و طالبات کو 13ویں جنریشن کور آئی 7 لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ اسکیم کے تحت اقلیتی طلبہ اور سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری اسکول امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بھی لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے لیے اہل ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق کمپیوٹر سائنس، میڈیسن، انجینیئرنگ، سائنس، سوشل سائنسز، بزنس، زبانیں، ویٹرنری میڈیسن اور زراعت کے شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات اس اسکیم سے لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے لیے اہل ہوں گے۔