ڈیپ سیک کی ’جینیئس اے آئی گرل‘ کون ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی محقق 29 سالہ لوآ فولی ٹیکنالوجی کی دنیا میں حیرت انگیز طور پر مہنگی مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم چیٹ جی پی ٹی کو قدر و منزلت کو دھول چٹانے والی چینی اے آئی کمپنی ڈیپ سیک کی ایک اہم شخصیت کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
چینی میڈیا میں’جینیئس اے آئی گرل‘ کے نام سے مشہور لوآ فولی نے نیچرل لینگویج پروسیسنگ میں اپنی اہم شراکت پر بڑے پیمانے پر پہچان حاصل کی ہے۔
پیکنگ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل، لوآ فولی کا تعلیمی کیریئر اس وقت عروج پر پہنچا جب انہوں نے نیچرل لینگویج پروسیسنگ کی سب سے بڑی کانفرنس ایسوسی ایشن آف کمپیوٹینشنل لنگوسٹکس یعنی اے سی ایل میں ایک ہی سال کے دوران 8 مقالے شائع کیے، جس نے علی بابا اور شاؤمی سمیت بڑی ٹیک کمپنیوں کی توجہ حاصل کی۔
علی بابا میں لوآ فولی نے ڈیمو اکیڈمی میں ایک محقق کے طور پر کام کیا، جہاں انہوں نے کثیر اللسانی پری ٹریننگ ماڈل ویکو کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیا اور اوپن سورس ایلس مائنڈ پروجیکٹ کو فروغ دینے میں مدد کی۔
2023 میں لیانگ وینفینگ کی جانب سے قائم کی گئی ڈیب سیک ایک تیزی سے ترقی کرنے والی اے آئی کمپنی ہے جو ہانگزو، ژیجیانگ میں واقع ہے۔ کمپنی اوپن سورس لارج لینگویج ماڈلز ایل ایل ایمس تیار کرنے میں مہارت رکھتی ہے، جو چیٹ جی پی ٹی جیسے عالمی اداروں کے مدمقابل اپنی الگ پوزیشن رکھتی ہے۔
چین پر امریکی پابندیوں کے باعث این ویڈیا چپس تک رسائی کو محدود کرنے جیسے چیلنجوں کے باوجود، ڈیپ سیک کے ماڈل، بشمول اس کے بہترین ڈیپ سیک وی2، اپنے زیادہ وسائل سے بھرپور ہم منصبوں کے برابر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
جنوری 2025 میں، ڈیپ سیک کمپنی کی اے آئی چیٹ بوٹ ایپ چیٹ جی پی ٹی کو پیچھے چھوڑ کر امریکا میں آئی او ایس ایپ سٹور پر سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی مفت ایپ بن گئی ہے، ایک ایسی کامیابی جس نے انڈسٹری کو ششدر کردیا ہے۔
لوآ فولی کی مہارت ڈیپ سیک کے اس عروج کے سفر خاص طور پر ان کی جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں نہایت اہمیت کی حامل رہی ہے، انہوں نے کمپنی میں شمولیت کا انتخاب کرکے ڈیپ سیک کی مسابقتی برتری کو مضبوط بنانے میں ایک اہم کردار ادا کیا اور اس کی عالمی اے آئی ریس میں ایک سنجیدہ دعویدار کے طور پر پوزیشن حاصل کرنے کی کوششوں میں معاون ثابت ہوئی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *