میڈیا سے دور نواز شریف کی آج کل جاتی امرا میں کیا مصروفیات ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف آج کل جاتی امرا میں مصروف دن گزارتے ہیں۔ ہر اتوار کو ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوتی ہے، جس میں حکومتی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔ جاتی امرا میں ہونے والی اہم میٹنگز میں مریم نواز بھی موجود ہوتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ہر ہفتے بڑے بھائی سے ملاقات کے لیے جاتی امرا پہنچتے ہیں، آج کل حسن نواز بھی رائیونڈ میں موجود ہیں، اور وہ مختلف امور میں اپنے والد کا ساتھ دیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کو حکومتی معاملات کے حوالے سے گائیڈ کرتے رہتے ہیں، لیکن آج کل انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو فری ہینڈ دیا ہوا ہے۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ مریم نواز پنجاب میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں، آہستہ آہستہ صوبے میں گورننس کی صورت حال بھی بہتر ہورہی ہے۔ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے پیچھے نواز شریف کا ویژن ہے۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ پنجاب صاف ستھرا ہونا چاہیے اور اس حوالے سے وہ وزیراعلیٰ مریم نواز کو بتاتے رہتے ہیں۔
’نواز شریف اپنا زیادہ وقت ڈاک پڑھنے میں گزارتے ہیں‘
جاتی امرا ذرائع کے مطابق نواز شریف آج کل اپنا زیادہ وقت ڈاک پڑھنے میں گزارتے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر جو ڈاک موصول ہوتی ہے وہ وہ نواز شریف تک پہنچا دی جاتی ہے۔ صدر ن لیگ کی ہدایت ہے کہ ڈاک 9 بجے ان کے ٹیبل پر پہنچ جایا کرے۔
ذرائع نے بتایا کہ آج کل جاتی امرا میں جو ڈاک موصول ہوتی ہے، اس میں زیادہ تر مبارکباد کے پیغامات ہوتے ہیں۔ نواز شریف کے چاہنے والے ابھی تک ان کو سالگرہ کی مبارکباد کے پیغامات بھجوا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حسین نواز کے بیٹے کی شادی کی مبارک باد کے پیغامات بھی بذریعہ ڈاک موصول ہوتے ہیں۔ کارکنوں کی جانب سے خط لکھ کر نواز شریف کی خیریت بھی دریافت کی گئی ہوتی ہے۔
جاتی امرا ذرائع کے مطابق خطوط پڑھنے کے بعد نواز شریف ان میں سے کچھ کا جواب بھی دیتے ہیں، اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
’نواز شریف کو ڈاک پڑھنا اور اس کا جواب دینا بہت پسند ہے، اس ڈیجیٹل دور میں بھی وہ ڈاک کو پسند کرتے ہیں حالانکہ موبائل پر بھی بہت سے پیغامات موصول ہوتے ہیں لیکن وہ ڈاک پڑھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔‘
’کچھ دیر ڈاک پڑھنے کے بعد نواز شریف زرعی زمین کا دورہ بھی کرتے ہیں‘
کچھ دیر ڈاک پڑھنے کے بعد نواز شریف زرعی زمین کا دورہ بھی کرتے ہیں، اس کے علاوہ اگر پسند کا کوئی سامان لینا ہو تو مارکیٹ کا چکر لگاتے ہیں۔ اکثر شام کے وقت وہ پنجاب کے حوالے سے جائزہ میٹنگ بھی رکھتے ہیں۔ جس میں گڈگورننس اور عوام کو ریلیف دینے پر ان کا زور ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حسین نواز کے بیٹے کی شادی سے قبل میاں نواز شریف جاتی امرا میں گھر کی تزئین و آرائش میں خاصے مصروف رہے ہیں۔ اب نواز شریف کی وہ مصروفیات ختم ہوگئی ہیں تو وہ اپنے کاروبار پر بھی نظر رکھتے ہیں، جبکہ پارٹی کے لوگ بھی ملاقاتوں کے لیے تشریف لاتے ہیں جنہیں وقت دیا جاتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *