5 سالوں میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں کتنا اضافہ ہوا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی کوشش ہوتی ہے کہ کسی طرح وہ اپنی درآمدات کو کم سے کم رکھتے ہوئے برآمدات میں اضافہ کریں، اس سے نہ صرف معاشی اشاریے بہتر رہتے ہیں بلکہ ملک بھی ترقی کی راہ پر گامزن رہتا ہے۔
پاکستان کا درآمدات اور برآمدات کا فرق جسے عام زبان میں تجارتی خسارہ کہا جاتا ہے انتہائی زیادہ ہے، مختلف حکومتوں کی کوشش اور ترجیح رہی ہے کہ کسی طرح درآمدات کو کم کیا جائے اور برآمدات کو بڑھایا جائے۔
اس مقصد کے حصول کے لیے درآمدات پر بھاری ڈیوٹی اور ٹیکس عائد کیے جاتے ہیں جبکہ درآمدات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
گزشتہ چند سالوں میں پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے ترقی کی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات سالانہ ایک ارب 44 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 5 سالوں میں سالانہ 3 ارب 22 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔
مجموعی برآمدات میں گزشتہ مالی سال میں 10.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ صرف آئی ٹی کی مد میں برآمدات میں سال 24-2023 کے دوران 24 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریکارڈ کے مطابق مالی سال 2019-20 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کا حجم ایک ارب 44 کروڑ ڈالر تھا، جو 21-2020 میں بڑھ کر 2 ارب 10 کروڑ ڈالر، 22-2021 میں 2 ارب 61 کروڑ ڈالر تھا۔
اسی طرح آئی ٹی برآمدات سال 23-2022 میں معمولی کمی کے بعد 2 ارب 59 کروڑ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال 24-2023 میں آئی ٹی برآمدات میں بڑا اضافہ دیکھا گیا جس کا حجم 3 ارب 22 کروڑ ڈالر رہا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران آئی ٹی شعبے نے ایک ارب 86 کروڑ ڈالر کی خدمات برآمد کی ہیں جو کہ گزشتہ مالی سال کی نسبت 28 فیصد زیادہ ہیں۔
گزشتہ ماہ دسمبر میں 34 کروڑ ڈالر خدمات برآمد کی ہیں جو کہ ماہ نومبر کے مقابلے میں 12.2 فیصد زائد ہے، جبکہ دسمبر 2023 کی نسبت 14.8 فیصد زائد ہیں، نومبر 2024 میں 31 کروڑ ڈالر جبکہ دسمبر 2023 میں 30 کروڑ ڈالر کی آئی ٹی خدمات برآمد کی گئی تھیں۔
ماہرین کی جانب سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے کو اسٹیٹ بینک کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کا یہ رجحان مالی سال 2025 میں بھی جاری رہے گا۔
اندازے کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ملکی آئی ٹی برآمدات گزشتہ سال کے مقابلے پر 10 سے 15 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے 3 سے پونے 4 ارب ڈالر رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *