ملازمین کی پنشن کی ادائیگی متعلقہ ٹاون کی ہی ذمہ داری ہے،سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے فیصلہ سنا دیا
کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے ملازمین کی پنشن کا فیصلہ سنا تے ہوئے کہا ہے ملازمین کی پنشن کی ادائیگی متعلقہ ٹائون کی ہی ذمہ داری ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی پنشن کے معاملے پر سماعت ہوئی۔بیرسٹر اسد وکیل کے ایم سی نے کہا کہ حکومت سندھ ماہانہ ایک بڑی رقم ٹاونز کو جاری کرتی ہے، جس پر شعاع النبی ایڈووکیٹ نے کہا کہ محمد سعید نے 41سال کے ایم سی میں ملازمت کی کے ایم سی سے تبادلہ بلدیہ ٹاون کردیا گیا، اب پنشن کیلئے دونوں اداروں کے دفاتر کے چکر لگایا ہے۔عدالت کے طلب کرنے پر میونسپل کمشنر بلدیہ ٹاون عدالت میں پیش ہوئے ، میونسپل کمشنر کے کیس سے لاعلمی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ سفارش پر بھرتی ہوئے ہیں ،کیوں نا آپ کو جیل بھیج دیا جائے۔عدالت نے 4فروری کو درخواست گزار کی ادائیگی کے لیے چیک کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔