اداکار دھنوش کی نینتھارا کے خلاف قانونی جنگ میں فتح، نیٹ فلکس کو بڑا جھٹکا
مدراس (قدرت روزنامہ) مدراس ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکار دھنوش کے حق میں فیصلہ سنایا ہے، جو اداکارہ نینتھارا اور ان کی نیٹ فلکس دستاویزی فلم “نینتھارا: بیونڈ دی فیری ٹیل” کے حوالے سے ایک کاپی رائٹ تنازعہ میں شامل تھے۔عدالت نے نیٹ فلکس انڈیا کی درخواست کو مسترد کر دیا، جس میں دھنوش کی سول درخواست کو رد کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب نومبر 2024 میں دھنوش نے دعوی کیا کہ فلم “نانوم راوڈی دھان” کا تین سیکنڈ کا کلپ ان کی اجازت کے بغیر دستاویزی فلم میں شامل کیا گیا۔ یہ فلم دھنوش کی پروڈکشن میں بنائی گئی تھی۔ دھنوش نے عدالت سے اس کلپ کو فوری طور پر ہٹانے اور 10 کروڑ روپے کے ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا۔نینتھارا نے اس کے جواب میں انسٹاگرام پر ایک کھلا خط شیئر کرتے ہوئے دھنوش کی قانونی کارروائی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ مدراس ہائی کورٹ نے دھنوش کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے نیٹ فلکس انڈیا کی درخواست خارج کر دی اور یہ قرار دیا کہ کلپ کے غیر قانونی استعمال سے دھنوش کے حقوق متاثر ہوئے ہیں۔