پاکستانی اسکواڈ کا انتظار ختم! چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آج متوقع
لاہور (قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے، لیکن حیران کن طور پر میزبان پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے ابھی تک اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا۔
دیگر ساتوں شریک ٹیمیں اپنے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہیں، جبکہ پاکستانی شائقین شدت سے اپنی ٹیم کے اعلان کے منتظر ہیں۔
اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، قومی سلیکشن کمیٹی آج چیمپئنز ٹرافی اور اس سے قبل ہونے والے تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق، تجربہ کار اوپنر فخر زمان کی واپسی یقینی سمجھی جا رہی ہے، تاہم امام الحق ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔عثمان خان کو فخر کے ساتھ بطور اوپنر شامل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بی پی ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر خوشدل شاہ بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
پاکستان کے ممکنہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہو سکتے ہیں:محمد رضوان (کپتان)،سلمان علی آغا (نائب کپتان) ،بابر اعظم ، سعود شکیل ،کامران غلام ، طیب طاہر ،عامر جمال ، ابرار احمد ،شاہین شاہ آفریدی ،حارث رؤف ،نسیم شاہ ، محمد حسنین
ٹیم کے اعلان میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ نوجوان اوپنر صائم ایوب کی میڈیکل رپورٹس تھیں، جو لندن میں زیر علاج ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، صائم چیمپئنز ٹرافی کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق، ہر ٹیم کو 11 فروری رات 12 بجے تک اپنے حتمی اسکواڈ کا اعلان کرنا ہوگا۔ اس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت درکار ہوگی۔
کیا پاکستان اپنی اسکواڈ کا اعلان آج کر دے گا؟ شائقینِ کرکٹ کی نظریں سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر جمی ہیں۔ مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔