چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان ۔۔۔۔۔؟ اہم خبر آ گئی
لاہور (قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے تاہم سوائے میزبان کے تمام بورڈ اپنے اسکواڈز کا اعلان کر چکے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جانی ہے۔ پاکستان اس میگا ایونٹ کا میزبان اور دفاعی چیمپئن ہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر سات ٹیموں کے بورڈ اپنے اپنے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کر چکے ہیں اور پاکستانی شائقین سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو پاکستانی اسکواڈ کے اعلان کا انتظار ہے۔
اب اہم خبر یہ ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی چیمپئنز ٹرافی اور اس سے قبل تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے گرین شرٹس کے اسکواڈ کا اعلان آج کر سکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیم میں فخر زمان کی واپسی یقینی ہے، تاہم اوپنر امام الحق اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
فخر کے ساتھ دوسرے اوپنر کے طور پر عثمان خان کو شامل کیا جائے گا جب کہ بی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی آل راؤنڈر خوشدل خان بھی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
چیمپئنز ٹرافی اور تین ملکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا ممکنہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، کامران غلام، طیب طاہر، عامر جمال، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین۔
قومی سلیکشن کمیٹی کو اسکواڈ کے اعلان کے لیے لندن میں زیر علاج نوجوان اوپنر صائم ایوب کی میڈیکل رپورٹس کا انتظار تھا۔ تاہم اب ذرائع یہ قوی امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ صائم چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی ڈیڈ لائن کے مطابق ہر بورڈ نے اپنی ٹیم کا 11 فروری رات 12 بجے سے قبل اپنے حتمی اسکواڈ کا اعلان کرنا ہے۔ اس کے بعد اسکواڈ میں کسی بھی تبدیلی کے بورڈز کو آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے اجازت درکار ہوگی۔