عوام کی سہولت کے لیے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، کوہیار ڈومکی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر بلدیات میر کوہیار ڈومکی نے کہاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی استعداد کار کو بڑھانے اور ریونیو میں اضافے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کوئٹہ شہر میں صفائی ستھرائی اور میونسپل سروسز کا کام بہتر طریقے سے ہو سکے۔ہمارا فرض ہے کہ ہم عوام کی خدمت کریں، شہر کی بہتری اور خوبصورتی کے لیے اپنے وسائل میں تمام مسائل حل کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔شہر کی مجموعی صورتحال کی بہتری اور عوام کی سہولت کے لیے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔صفائی کے نظام کی بہتری کیلئے کوئٹہ شہر میں پلاسٹک بیگ پر پابندی کیساتھ سالڈ ویسٹ پلانٹ کو فعال کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر کچرا ٹھکانے لگانے کیلئے مختلف میکنزم کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر/کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی جانب سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مجموعی صورتحال اور شہر میں صفائی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات عبدالرؤف بلوچ کے علاؤہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر /کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی اور عوام کو میونسپل سروسز فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائیجارہے ہیں لیکن ماضی میں فنڈز کی کمی سے میونسپل سروسز کی فراہمی میں مشکلات درپیش آئیں کیونکہ ریونیو کلیکشن نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہیں دینے کے لیے بھی رقم موجود نہیں تھی۔لہذا صوبائی حکومت نے شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے صفائی ستھرائی کا کام نجی کمپنی کے حوالے کی ہے جس سے میٹروپولیٹن کارپوریشن پر اضافی بوجھ کم ہوگیا ہے۔اس کے علاوہ ریونیو میں اضافے کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تمام پراپرٹیز کو دوبارہ نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ موجودہ ریٹس کے مطابق ریونیو جمع کیا جا سکے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے سرکلر پارکنگ پلازہ اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کو فعال کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کچلاک اور سریاب میں مزید دو فائر اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریونیو میں اضافے کے لیے 893 دکانوں،03 پارکس, 15 پارکنگ سٹینڈز, 75 لیز پراپرٹیز، 418 ریائشی کوارٹرز اور 07 دوسرے پراپرٹیز کو موجودہ ریٹ کے مطابق الاٹ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے 12 بڑے نالوں پر قائم تجاوزات کو ختم کر دیا گیا ہے جبکہ شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پانچ ماہ کے دوران صوبے کا سب سے بڑا آپریشن کرکے 05لاکھ ٹن کچرہ اٹھایا گیا جبکہ روزانہ کچرہ اٹھانے کی استعداد کو بھی 1400 تک بڑھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریونیو سمیت تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ہے جس سے ریکارڈ اور میونسپل سروسز میں بہتری اور ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے، بلڈنگ کوڈ پر عمل درآمد ،تجاوزات کا خاتمہ اور ریونیو کلیکشن میں اضافے کے لیے محدود وسائل میں بہتری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام سیکشنز کو اپنی جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کوئٹہ شہر خوبصورت اور صاف ستھرا نظر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بہتری،گرین بلٹ ، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی سے ہی کوئٹہ کی خوبصورتی بحال ہوگی لہذا ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے کوئٹہ ایک مثالی شہر بن سکے۔